خطہ قومی راجدھانی میں موسلا دھار بارش، حبس زدہ گرمی سے ملی نجات
دہلی-این سی آر میں ایک بار پھر بارش کا موسم شروع ہو گیا
نئی دہلی ،24جولائی :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)دہلی-این سی آر میں ایک بار پھر بارش کا موسم شروع ہو گیا ہے۔ بدھ کی صبح دہلی، نوئیڈا اور فرید آباد سمیت این سی آر کے کئی علاقوں میں تیز بارش دیکھی گئی۔ صبح سے بارش کی وجہ سے اندھیرا چھایا ہوا تھا۔ جس سے گرمی سے پریشان لوگوں کو بارش سے کچھ راحت ملی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں بدھ کو دن بھر بادل چھائے رہیں گے۔ اس ہفتے کے باقی دنوں میں بھی دہلی میں بارش کے امکانات ہیں۔ آئی ایم ڈی کے مطابق اگلے تین چار دنوں میں یوپی کے کئی شہروں میں بارش کے امکانات ہیں۔ مشرقی اترپردیش کے ساتھ مغربی اترپردیش کے کئی اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ پہاڑی ریاستوں ہماچل اور اتراکھنڈ میں بھی محکمہ موسمیات نے کئی اضلاع میں موسلادھار بارش کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔
اتراکھنڈ کے منڈی، کانگڑا، چمبہ وغیرہ اضلاع کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔بدھ کی صبح سے بارش کی وجہ سے لوگوں کو دفتر جانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ صبح سے ہی گھنا اندھیرا تھا۔ اس دوران سڑک پر گاڑیاں رینگتی نظر آئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آیا نگر منگل کو سب سے زیادہ گرم علاقہ رہا۔ یہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.3 ڈگری سیلسس ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ پالم اور لودھی روڈ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سیلسیس اور رج میں 33.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ رج میں سب سے کم درجہ حرارت 22.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔



