نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)ملک کی دارالحکومت دہلی میں ایک شاطرنیپالی گینگ کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے چھ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ اس میں چوکیدار اور کار صاف کرنے والے لوگ بھی شامل ہیں۔ سب نیپال کے رہنے والے ہیں۔ نیز وہ دہلی این سی آر میں سامان چوری کرکے اسے نیپال میں فروخت کرتے تھے۔
پولیس کو ان کے پاس سے دو لیپ ٹاپ ، 12 لگژری گھڑیاں ، مصنوعی زیورات ، نقدی اور دروازے توڑنے والے سازوسامان وغیرہ ملے ہیں۔ پولیس نے اس گرفتاری سے چوری کے 12 معاملے حل کرنے کا دعوی کیا ہے۔ اس کے ساتھ امید کی جا رہی ہے کہ ان کے توسط سے کچھ دوسرے معاملات بھی سامنے آسکتے ہیں۔ تفتیش کی جارہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق دہلی کے شمالی ضلع میں گھروں اور دکانوں میں چوری کے کچھ واقعات ہوئے۔ پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی تھی۔ اس کے لئے ایک خصوصی ٹیم رکھی گئی تھی۔ جب پولیس نے100 سے زیادہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی ،تب نیپالی گینگ کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا۔ یہ گینگ وارداتوں کو شاطرانہ انداز میں انجام دیتا تھا۔تفتیش اور نگرانی کے بعد پولیس کو معلوم ہوا کہ 7 مارچ کو بدمعاش اگرسن پارک کے علاقے میں آنے والے ہیں۔
اس کے بعد پولیس نے گھات لگا کر حملہ کیا اور سب کو گرفتار کرلیا۔ پھر جب ان سے پوچھ گچھ کی گئی تو موقع پر بڑی تعداد میں چوری کا سامان برآمد ہوا۔دوران تفتیش چوروں نے بتایا کہ یہ گینگ سال 2017 سے سرگرم تھا۔ ایک ممبر چوری کاسامان نیپال بھیجتا تھا۔




