قومی خبریں

ایپ پر مسلم خواتین کی تصاویر اپ لوڈ کئے جانے کے بعد پولیس نے درج کیامعاملہ

نئی دہلی، 8 جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دہلی پولیس کے سائبر سیل نے ایک نامعلوم گروہ کے ذریعہ ایک ایپ پر مسلم خواتین کی تصاویر اپ لوڈ کئے جانے کی شکایت موصول ہونے کے بعد اس سلسلے میں مقدمہ درج کیا ہے ۔ جمعرات کو پولیس نے یہ اطلاع دی۔دہلی کمیشن برائے خواتین نے دہلی پولیس کو نوٹس جاری کیا تھا اور اس معاملے میں کارروائی کی تفصیلی رپورٹ مانگی تھی۔

دہلی پولیس کے تعلقات عامہ کے افسر (پی آر او) چھنموئے بسوال نے کہاکہ بدھ کے روز ’سلی ڈیلز‘ موبائل ایپ کے سلسلے میں نیشنل سائبر کرائم رپورٹنگ پورٹل پر موصولہ شکایت کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے تعزیرات ہند کی دفعہ 354اے کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور تفتیش شروع کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ’گٹ ہب‘ ایپ کو اس سلسلے میں تفصیلات شیئر کرنے کے لئے نوٹس بھیجا گیا ہے۔

سائبر سیل اور دہلی پولیس کے ڈپٹی کمشنر پولیس کو جاری ایک نوٹس میں کہا گیا ہے کہ دہلی کمیشن برائے خواتین نے ’گٹ ہب‘ پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے متعدد لڑکیوں کی تصاویر انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کرنے کی میڈیا رپورٹس کا خود بخود نوٹس لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گٹ ہب استعمال کرنے والے ایک نامعلوم گروہ نے اتوار 4 جولائی کو’ سلی ڈیلز‘کے نام سے ایک ایپ پر سیکڑوں مسلمان #خواتین کی #تصاویر پوسٹ کی۔

کہا جاتا ہے کہ سلی ڈیلز ایک توہین آمیز اصطلاح ہے جو #مسلم خواتین کے حوالے سے استعمال ہوتی ہے۔کمیشن نے نشاندہی کی تھی کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایپ اس وقت منظرعام پر آئی جب #لوگوں نے #ٹویٹر پر ’سلی ڈیل آف دی ڈے‘ کے الفاظ کے ساتھ تصاویر شیئر کرنا شروع کی۔ڈی سی ڈبلیو نے کہاکہ بہت ساری خواتین کو ان کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم چھوڑنا پڑا۔ یہ ایک بہت ہی سنگین معاملہ اور سائبر #کرائم کے مترادف ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button