نئی دہلی،6ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)فروری 2020 دہلی فسادات کی سازش کے سلسلے میں سخت انسداد دہشت گردی ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت گرفتار جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کے سابق اسٹوڈنٹ لیڈرعمر خالد نے اپنی ضمانت کی درخواست واپس لے لی ہے اور ایک نئی درخواست دائر کی ہے۔ دہلی پولیس نے مذکورہ درخواست پر اعتراض کیا تھا۔
خالد کی طرف سے پیش ہوئے سینئر ایڈوکیٹ تردیپ پیس نے ایڈیشنل سیشن جج امیتابھ راوت کو بتایا کہ پولیس کے اعتراض کے بعد کوڈ آف کرمنل پروسیجر (سی آر پی سی) کے سیکشن 439 کے تحت ضمانت کی درخواست کو سیکشن 437 کے تحت نئی درخواست سے تبدیل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کی نمائندگی کرنے والے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر امیت پرساد نے نئی درخواست پر اعتراض کیا، جس میں استغاثہ پر مبینہ طور پر ایک طویل حکمت عملی اپنانے کا الزام عائد کیا گیا اور اسے مناسب نہیںکہا گیا۔پراسیکیوٹر نے کہا کہ آپ نے جو عبوری درخواست دائر کی ہے اس میں آپ نے کچھ الزامات لگائے ہیں کہ استغاثہ کی جانب سے اعتراضات تاخیر کا حربہ ہیں۔
اس لیے پراسیکیوشن کومعاملے میں تاخیر کے حربے اپنانے کے طور پر پیش کرنا مناسب نہیں ہے۔پرساد کا موقف تھا کہ یہ عدالت یو اے پی اے ایکٹ کے تحت ایک نامزد خصوصی عدالت میں اس درخواست کی سماعت کرنے پر غور کر رہی ہے اور اسی وجہ سے یہ مجسٹریٹ کی عدالت کے تمام اختیارات کو استعمال کرتی ہے جو فوجداری عمل کے سیکشن 437 کے تحت ہے۔
اے ایس جے راوت نے تازہ ضمانت کی درخواست پر پولیس سے جواب مانگا اور معاملے کی اگلی سماعت 8 ستمبر تک ملتوی کردی۔3 ستمبر کو ضمانت کی درخواست پر آخری سماعت میں خالد نے عدالت کو بتایا تھا کہ کیس میں چارج شیٹ نے بغیر کسی حقائق کے مبالغہ آمیز الزامات لگائے ہیں اور یہ ایک ویب سیریز اور فلم کے اسکرپٹ کی طرح ہے۔
اس کیس میں خالد سمیت کئی دیگر کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ان پر فروری 2020 کے تشدد کے مرکزی سازشی ہونے کا الزام ہے جس میں 53 افراد ہلاک اور 700 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ خالد نے اس کیس میں ضمانت مانگی ہے۔



