
نئی دہلی ، 25 اکتوبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دہلی کی ایک عدالت نے فروری 2020 کے فسادات (Delhi Riots)سے متعلق مقدمات میں ملزمان کو رنگین تصاویر اور سی سی ٹی وی فوٹیج فراہم کرنے کی ہدایت پر عمل نہ کرنے پر پولیس کی سرزنش کی اور پوچھا کہ متعلقہ حکام کے خلاف مناسب قانونی کارروائی کیوں نہ کی جائے۔
چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ ارون کمار گرگ نے پولیس کو وارننگ تب جاری کی جب فسادات کے ایک معاملے میں ملزم ونود نے کہاکہ اسے چارج شیٹ کی مکمل کاپی مل گئی ہے ، لیکن ان تصاویر کی رنگین کاپیاں نہیں ملی ہیں جن پر استغاثہ نے بھروسہ کیاہے۔
عدالت نے اس پر برہمی کا اظہار کیا اورتبصرہ کیا کہ تفتیشی افسر (آئی او) اور ڈپٹی کمشنر پولیس (نارتھ ایسٹ) فسادات سے متعلق تمام معاملات میں تمام ملزمان کو رنگین تصاویر اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی کاپیاں فراہم کرنے کو یقینی بنانے کی ہدایات پر عمل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔کیس کی اگلی سماعت 28 اکتوبر کو ہوگی۔



