دہلی: نند ن گری پارک میں 19 سالہ لڑکی کی ملی لاش ،جسم پر چوٹوں کے نشانات
نئی دہلی،3اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اتوار کی صبح شمال مشرقی دہلی کے نندن گری بس ڈپو کے سامنے واقع پارک میں ایک 19 سالہ لڑکی کی لاش ملی ٰجس پر چوٹ کے نشانات ہیں۔ پولیس نے اس کی معلومات دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق مہلوکہ سیماپوری علاقہ کی رہائشی تھی اوراس کے ساتھ منشیات کا عادی بھی تھی۔
وہ مجرمانہ پس منظر کے لوگوں اور ڈرگس کی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے رابطے میں تھی۔پولیس نے بتایا کہ لڑکی کو جی ٹی بی ہسپتال لے جایا گیا ،جہاں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔ انہوں نے بتایا کہ لاش کا معائنہ کرنے پر گردن اور ہاتھ میں زخم کے نشانات پائے گئے۔ سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ ابتدائی طبی معائنے سے جنسی زیادتی کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کے بعد معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارک میں اور اس کے ارد گرد نصب تمام سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ کی جا رہی ہے، تاکہ اس واقعہ کا سراغ لگایا جا سکے اور مجرم کی شناخت ہو سکے۔
وہیں اسکول کے ایک 17 سالہ طالب علم کو جنوب مشرقی دہلی کے اوکھلا علاقہ میں اُسی اسکول میں پڑھنے والے دوسرے طالب علم نے چاقوسے زخمی کرکے قتل کر دیا تھا۔ پولیس ذرائع نے ہفتہ کو بتایا کہ یہ واقعہ جمعہ کے روز اوکھلا کے علاقے تہ کھنڈ میں ایک سرکاری اسکول کے باہر پیش آیا۔کیس کے مطابق کمسن نے مبینہ طور پر ملزم کی ماں کے ساتھ بدسلوکی کی تھی، اور جب اس نے معافی نہیں مانگی ،تو ملزم نے اسے چھرا گھونپ دیا۔
پولیس نے ملزم نابالغ طالب علم کو اپنی تحویل میں لے لیاہے۔ واقعہ کے وقت دونوں طالب علم اسکولی یونیفارم میں تھے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ اس حملے میں ہلاک ہونے والا طالبعلم 11 ویں جماعت میں زیر تعلیم تھا اور ملزم نے اسے تین مرتبہ چاقو کے وار کیے تھے۔ زخمی طالب علم کو کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لے جایا گیا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔



