
دہلی: بے قابو کار نے اسکولی طالبات کو ماری ٹکر ، ایک کی موت، ملزم موقع سے فرار
نئی دہلی ،06؍اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) دہلی کے پیر گڑھی کے قریب سڑک عبور کرنے والی تین اسکولی طالبات کو ایک کار نے ٹکر مار دی، جس کے بعد کار براہ راست ایل پی جی سے بھرے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں ایک طالبہ کی موت ہو گئی۔ جبکہ 2 طالبات زخمی ہیں۔
ملزم کار ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ مشتعل افراد نے نعش سڑک پر رکھ کر کئی گھنٹے تک روڈ بلاک رکھا۔ پولیس کے مطابق بدھ کی صبح تقریباً 8 بجے مغربی وہار پولیس اسٹیشن کو اطلاع ملی کہ پیر گڑھی کے قریب سڑک حادثہ پیش آیا۔ پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی تو معلوم ہوا کہ 3 طالبات اسکول جارہی تھیں۔
جب وہ سڑک پار کر رہی تھیں تو ایک تیز رفتار کار نے اسے ٹکر مار دی۔ اس کے بعد کار ایل پی جی سے بھرے ٹرک سے ٹکرا گئی۔واقعے کے فوراً بعد تینوں طالبات کو اسپتال لے جایا گیا۔ 18 سالہ طالبہ منیشا کماری کو سنجے گاندھی اسپتال لے جایا گیا۔
جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔ جبکہ 2 طالبات کلپنا اور سنجنا کو بالاجی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اس کا علاج جاری ہے۔ اس معاملے میں ملزم کی گاڑی کو ضبط کر لیا گیا ہے جبکہ ملزم موقع سے فرار ہو گیا ہے، اس کی تلاش جاری ہے۔



