نئی دہلی، 24اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دہلی پولیس نے دہلی کے رنجیت نگر علاقہ میں ایک سات سالہ معصوم بچی کی عصمت دری کے معاملہ میں 20 سالہ سورج نامی بھیڑیئے کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کو اس کی گرفتاری کے لیے کافی جدوجہد کرنی پڑی۔
ڈی سی پی وسطی ضلع شویتا چوہان نے بتایا کہ صرف ایک تصویر کی بنیاد پر اسے تلاش کرنا بہت مشکل تھا، لیکن پھر بھی ہماری پولیس نے دوسرے مقامات سے ملزم سورج کے بارے میں معلومات اکٹھی کی اور اس درندہ کو ہریانہ کے کلانور سے گرفتار کرلیا۔ انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی ملزم کو معلوم ہوا کہ پولیس اس کے تعاقب میں ہے تو وہ بھاگنے لگا، لیکن پھر بھی اسے گرفتار کر لیا گیا۔
ڈی سی پی وسطی ضلع شویتا چوہان نے بتایا کہ ملزم سورج کی عمر 20 سال ہے اور وہ رگھوبیر نگر کا رہنے والا ہے۔ وہ برتن بیچنے کا کام کرتا ہے۔ وہ پہلے بھی ایسے جرائم کرچکا ہے ۔اس کے خلاف خیالہ تھانے میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں اسے دوسرے بچوں کو بھی اپنی طرف لبھانے کی کوشش کرتے دیکھا جا سکتا ہے ۔
وہیں عصمت دری کی متأثرہ بچی کی حالت اب بھی انتہائی تشویشناک ہے، اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہے۔ اس معاملہ کی مخالفت میں ہفتہ کو رنجیت نگر پولیس اسٹیشن کے باہر مقامی لوگوں نے غصے میں احتجاج کیا اور پوسٹرلے کر نعرے بازی بھی کی۔ڈی سی پی شویتا چوہان نے بتایا کہ جب ملزم کو گرفتار کر کے پوچھ گچھ کی گئی تو معلوم ہوا کہ وہ ماضی میں بھی اسی طرح کے کیس کو انجام دینے کے لیے گرفتار کیا جا چکا ہے۔
اس کی گرفتاری پوسکو ایکٹ کے تحت خیالہ پولیس اسٹیشن نے کی تھی۔ اب اس ملزم سے دیگر کئی معاملات میں بھی تفصیلی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ اس کے لیے دہلی پولس کے ڈیٹا سینٹر سے عصمت دری سے متعلق تمام معاملات کی جانچ اور اس سے متعلق تمام معلومات کی جانچ کی جائے گی کہ کہیں اور کیسوں میں بھی اس درندہ کا ہاتھ تو نہیں ! ۔



