سرورقگوشہ خواتین و اطفال

آپ کا دستر خوان,مزیدار چانپیں-عرشی دلدارؔ بنگلور

بکرے کی چانپوں کو ادرک لہسن کاپیسٹ، دہی اور تکہ مسالہ کے ساتھ ایک گھنٹے کے لیے میرینیٹ کر لیں۔

نمکین چانپ

اجزاء: بکرے کی چانپ ایک کلو، پیاز ایک عدد (کٹی ہوئی)، ادرک لہسن پیسٹ دو چمچ، ہری مرچ چار عدد، نمک حسب ذائقہ، ثابت کالی مرچ دس عدد۔

ترکیب: چانپ میں سارے مسالے ڈال کر ایک گلاس پانی میں اتنا پکالیں کہ گوشت گل جائے اور پانی خشک ہو جائے، چمچ کم سے کم چلائیں۔ اب اسے ایک تھال میں نکال لیں اور پھر کڑاہی میں تیل گرم کرکے گولڈن براؤن ہونے تک تل لیں۔ آخر میں لیموں، ادرک اور ہرے دھنیے سے گارنش کرکے پیش کریں۔

دَم پخت چانپ

اجزاء: بکرے کی چانپیں آدھا کلو، تیل ایک چوتھائی کپ، کالی مرچ (کُٹی ہوئی) ایک چائے کا چمچ، میٹ ٹینڈرائزر ایک چائے کا چمچ، نمک ایک چائے کا چمچ، ادرک لہسن(پیسٹ) ایک کھانے کا چمچ، لیموں کا رس ایک کھانے کا چمچ، سویا سوس دو کھانے کے چمچ۔

ترکیب: بکرے کی چانپوں کو نمک، ادرک لہسن کے پیسٹ، لیموں کا رس، سویا سوس، کُٹی کالی مرچ اور میٹ ٹینڈرائزر سے میرینیٹ کر کے ایک گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ اب ایک چوتھائی کپ تیل گرم کر کے اس میں چانپوں کو آدھا کپ پانی کے ساتھ ہلکی آنچ پر گلنے تک پکائیں۔ پھر انہیںاُبلی سبزیوں اور فرنچ فرائز کے ساتھ پیش کریں۔

چانپ تکہ مسالہ

اجزاء: بکرے کی چانپیں آدھا کلو، پسی پیاز ایک عدد، ٹماٹر (پسے ہوئے) تین عدد، تیل آدھا کپ، دہی آدھا کپ، ادرک لہسن (پیسٹ) ایک چائے کا چمچ، ہری مرچ (پسی ہوئی) ایک چائے کا چمچ، قصوری میتھی ایک چائے کا چمچ، تکہ مسالہ دو کھانے کے چمچ، کریم دو کھانے کے چمچ۔

ترکیب: بکرے کی چانپوں کو ادرک لہسن کاپیسٹ، دہی اور تکہ مسالہ کے ساتھ ایک گھنٹے کے لیے میرینیٹ کر لیں۔ اب تیل گرم کر کے اس میں پسی ہوئی پیاز گولڈن براؤن ہونے تک فرائی کریں۔ پھر اس میں میرینیٹ کی ہوئی چانپیں، پسے ہوئے ٹماٹر اور پسی ہری مرچ شامل کر کے ہلکی آنچ پر چانپیں گلنے اور گریوی گاڑھی ہونے تک پکا لیں۔ آخر میں کریم ڈال کر ہرے دھنیے اور پراٹھے کے ساتھ پیش کریں۔
کسوری میتھی چانپ

اجزاء: بکرے کی چانپ چار سو گرام، کسوری میتھی ایک کھانے کا چمچ، نمک حسب ذائقہ، سفید مرچ حسب ذائقہ، لہسن ادرک(پیسٹ) ایک کھانے کا چمچ، پپیتا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، لیموں کا رس ایک کھانے کا چمچ، چکن اسٹاک دو کھانے کے چمچ، سویا سوس دو کھانے کے چمچ، ہری مرچ گارنشنگ کے لئے، ہرا دھنیا گارنشنگ کے لئے۔

ترکیب: سب سے پہلے بکرے کی چانپ کو کسوری میتھی اور نمک لگا کر فرائی کرلیں پھر چکن اسٹاک کیساتھ تمام اجزاء ڈال کر چوپس کو پکالیں اب بکرے کی چانپ پلیٹ میں ہری مرچ اور ہرے دھنیے سے سجا کر سوس کے ساتھ پیش کریں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button