نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے صدر رام ناتھ کووند کو خط لکھا ہے، جس میں کورونا وبا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے پارلیمنٹ کا سیشن بلانے کی اپیل کی گئی ہے۔چودھری نے خط میں کہا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی زندگیوں کو آسان بنانے کے لئے ایک راہ تلاش کرنے کے لئے پارلیمنٹ کا اجلاس بلانا ضروری ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک میں کورونا وبا کی صورتحال سنگین ہے اور کہا کہ اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے ایک قومی حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔گذشتہ جمعہ کو کانگریس پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کی ضرورت ہے۔کانگریس کے رکن پارلیمنٹ منیش تیواری اور پارٹی کے کچھ دیگر لیڈران نے بھی پارلیمنٹ کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔



