پنچکولا،08 ؍اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ہریانہ کے پنچکولہ میں سی بی آئی کی ایک خصوصی عدالت نے جمعہ کو ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رحیم (Dera Chief Gurmeet Ram Rahim Singh) اور چار دیگر کو سابق ڈیرہ منیجر رنجیت سنگھ کے قتل کے سلسلے میں آئی پی سی کی دفعہ 302 ، 120 بی کے تحت مجرم قرار دیا ہے۔
عدالت 12 اکتوبر کو سزا کا اعلان کرے گی۔ڈیرہ میں ایک سادھوی کے ساتھ مبینہ عصمت دری کے الزامات سامنے آنے کے بعد ڈیرہ کے منیجر رنجیت سنگھ کے ڈیرہ سربراہ گورمیت رام رحیم کے ساتھ اختلافات بڑھ گئے۔
اس کے بعد 10 جولائی 2002 کو اسے ضلع کروشیترا کے خانپور کولیاں گاؤں میں ان کے کھیتوں کے قریب گولی مار دی گئی تھی۔گرمیت رام رحیم فی الحال روہتک ضلع کی سناریا جیل میں قید ہے۔ 25 اگست 2017 کو پنچکولہ کی ایک خصوصی سی بی آئی عدالت نے اسے دو سادھویوں (خواتین شاگردوں) کے ساتھ عصمت دری کا مجرم قرار دیا تھا اور اسے 20 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
17 جنوری 2019 کو اسی سی بی آئی عدالت نے اسے سرسا میں مقیم صحافی رام چندر چھترپتی کے قتل کیس میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ 2017 میں رام رحیم کو سزا سنائے جانے کے بعد پنچکولہ میں شدید تشدد ہوا ، جس میں 30 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔
ان کے پیروکاروں نے پنچکولہ ، چندی گڑھ ، سرسا سمیت کئی مقامات پر توڑ پھوڑ اور آتش زنی کی تھی۔ پھر رحیم اور اس کی گود لی ہوئی بیٹی ہنی پریت سمیت کئی ڈیرہ حامیوں کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا گیا۔



