گروگرام:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)روہتک کی سناریہ جیل میں جنسی زیادتی اور قتل کے الزام میں جیل کی سزا کاٹتے ہوئے فرضی مذہبی گرو رام رحیم کے کرونا پازیٹو ہونے کی خبر موصول ہوئی ہے۔ فی الحال اسے میدانتا کے کورونا وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ اتوار کی دوپہر بارہ بجے اسے سناریہ جیل سے میدانتا لایا گیا تھا۔ گرمیت رام رحیم سناریا جیل میں اپنے گناہ کی سزا بھگت رہے ہیں۔
رام رحیم نے ماضی میں خرابی صحت کا حوالہ دیا تھا۔ اس کے بعد اسے پی جی آئی روہتک میں داخل کرایا گیا۔ رام رحیم کو پی جی آئی کے ڈاکٹروں سے مشاورت کے بعد ہی آج میدانتا لایا گیا ہے، جہاں ٹیسٹنگ کے بعد اس کے کورونا پازٹیو ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔3 جون کو بھی یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ضلع روہتک کی سناریہ جیل میں بند گرمیت رام رحیم سنگھ کی طبیعت خراب ہوگئی ہے۔
اس کے بعد اسے پی جی آئی روہتک میں داخل کرایا گیا۔ اس سے قبل 12 مئی کو بھی رام رحیم کو بلڈ پریشر کی پریشانی کے باعث روہتک پی جی آئی لایا گیا تھا، لیکن اس نے کوویڈ ٹیسٹ کروانے سے انکار کردیا۔ رام رحیم کا سی ٹی اسکین پی جی آئی میں کیا گیا تھا۔خیال رہے کہ گرمیت رام رحیم 25 اگست 2017 سے جیل میں ہے۔
پنچ کولہ میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے رام رحیم کو سادھویوں کے ساتھ جنسی زیادتی اور عصمت دری کے معاملے میں سزا سنائی تھی۔ 16 سال پرانے اس معاملہ میں گرمیت رام رحیم کے ساتھ ، تین دیگر مجرم کلدیپ سنگھ ، نرمل سنگھ اور کرشن لال کو بھی عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔



