ایودھیا ، 19ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)آپ نے بھکت تو بہت دیکھے ہوں گے لیکن ایسابھکت نہیں دیکھا ہوگہ جو بھکتی میں غرق ہوکر وزیر اعلیٰ یوگی کا مندرہی بنوالے ۔ایودھیا میں بھی ایسا ہی ہوا۔ ایودھیا میں جہاں رام مندر کی تعمیر جنگی رفتار سے جاری ہے، وہیں ایک نوجوان نے مندر بنا کر یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی پوجا شروع کر دی ہے۔ یہ مندر رام جنم بھومی سے تقریباً 25 کلومیٹر دور پریاگ راج ہائی وے پر کلیان بھدرسا گاؤں کے مزرعہ موریہ کے مشرق میں بنایا گیا ہے۔
جس دن رام مندر کی زمینی پوجا ہوئی تھی، اسی دن یعنی 5 اگست 2020 کو اس گاؤں میں ہی یوگی مندر کی بنیاد رکھی گئی تھی۔لگاتار دوسری بار واضح اکثریت سے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ بننے والے یوگی آدتیہ ناتھ کی مقبولیت حامیوں اور ہندوتواذہنیت رکھنے والوں میں مخفی نہیں ہے ، پورے ملک میں رہنے والے ہندو نوجوان یوگی آدتیہ ناتھ کو اپنا آئی کن(ICON) مانتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر بھی ان کے فالورز کی اچھی خاصی تعداد ہے۔تاہم ان ہی بھکتوں میں ایودھیا کا ایک ایسا بھکت بھی ہے ، جس نے یوگی کو اپنا ’بھگوان ‘ہی بنالیا ہے ۔ وہ روزانہ اس مندر میں یوگی کی پرستش بھی کرتا ہے ۔



