بنگلور،14؍مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سری لنکا کے کپتان دیموتھ کرونارتنے Dimuth Karunaratne نے بنگلورو میں کھیلے جا رہے ڈے نائٹ ٹیسٹ میں سنچری بنا کر تاریخ رقم کی۔ ہندوستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں انہوں نے 174 گیندوں میں 15 چوکوں کی مدد سے 107 رنز بنائے۔ اس کے ساتھ کرونارتنے نے کئی بڑے ریکارڈ اپنے نام کئے۔
دیموتھ کرونارتنے Dimuth Karunaratne کے ٹیسٹ کیریئر میں یہ 14ویں سنچری ہے۔ اس کے ساتھ وہ سری لنکا کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے دوسرے اوپنر بلے باز بن گئے ہیں۔ اس معاملے میں انہوں نے عظیم بلے باز سنت جے سوریا کو پیچھے چھوڑ دیا۔
جے سوریا نے بطور اوپنر ٹیسٹ میں 13 سنچریاں اسکور کی تھیں۔ اس ریکارڈ کی فہرست میں سابق کپتان مرون اٹاپٹو پہلے نمبر پر ہیں۔ انہوںنے کل 16 سنچریاں اسکور کیں۔نیز ڈے نائٹ ٹیسٹ میں دیموتھ کرونارتنے کی یہ دوسری سنچری ہے۔ وہ ڈے نائٹ ٹیسٹ میں مشترکہ طور پر سب سے زیادہ سنچری بنانے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔
اس فہرست میں پہلے نمبر پر آسٹریلیا کے مارنس لبوشین ہیں۔ انہوں نے ڈے نائٹ ٹیسٹ میں اب تک تین سنچریاں اسکور کی ہیں۔دیموتھ کرونارتنے سری لنکا کے لیے اب تک 76 ٹیسٹ کھیل چکے ہیں۔ اس دوران ان کے بلے سے 39.58 کی اوسط سے 5620 رنز بنے ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی ایک ڈبل سنچری، 14 سنچریاں اور 27 نصف سنچریاں ہیں۔ ٹیسٹ میں کرونارتنے کا سب سے زیادہ اسکور 244 رنز ہے۔ نیزانہوں نے پاکستان کے خلاف ڈے نائٹ ٹیسٹ میں 196 رنز کی اننگز کھیلی۔



