دہی دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی غذاؤں میں سے ایک غذا ہے اور حقیقت میں یہ ایک مکمل سپرفوڈ سمجھا جاسکتا ہے اور صحت بخش غذائی عادات کا لازمی حصہ ہونا چاہئے، جس کی وجہ اس سے صحت کو ہونے والے متعدد فوائد ہیں۔دہی میں یہ وٹامنز، پروٹین، کیلشیئم، پوٹاشیم، فاسفورس اور زنک سے بھرپور ہوتا ہے۔بہت کم افراد کو ہی دہی کے متعدد چھپے ہوئے فوائد کا علم ہوتا ہے، درحقیقت یہ ایسی چیز ہے جو ہماری غذا کا لازمی حصہ ہونا چاہئے، کم از کم طبی سائنس تو یہی بتاتی ہے۔درحقیقت دہی میں پروبائیوٹیکس موجود ہوتے ہیں جو کہ معدے میں موجود بیکٹریا کے قدرتی توازن کو برقرار رکھتے ہیں۔
ہڈیوں کی مضبوطی کیلئے
کیلشیئم سے بھرپور ہونے کی وجہ سے دہی ہڈیوں کی مضبوطی کیلئے بھی بہترین غذا ہے۔ گزشتہ سال کی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ دہی کھانے کی عادت سے کولہوں کی ہڈیوں کی کثافت بڑھتی ہے اور معمر افراد میں ہڈیوں کے بھربھرے پن کے عارضے کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہوتا ہے۔
جلد کیلئے بہترین
دہی زنک سے بھرپور ہونے کے ساتھ ورم کش خصوصیات کا حامل ہوتا ہے، تو یہ سورج کی شعاعوں سے ہونے والی جلن کو ختم کرنے میں مدد دیتا ہے جبکہ جلد کو الٹرا وائلٹ شعاعوں سے ہونے والے نقصان سے بھی بچاتا ہے۔ اسے بس جلد پر آدھے گھنٹے کے لئے لگا چھوڑ دیں اور پھر دھولیں۔ دہی سے کیل مہاسوں سے بھی نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔
گرتے بالوں کے مسئلے سے چھٹکارہ
اگر آپ کے بال تیزی سے گر رہے ہیں تو دہی کھانے کی عادت بالوں کی جڑوں کو مضبوط بنائے گی، جس کی وجہ اس میں موجود وٹامن بی 5 اور وٹامن ڈی ہے۔ اسے سر پر لگانے سے بالوں کو کنڈیشن کرنے میں مدد ملتی ہے جبکہ بالوں کے گرنے کی روک تھام ہوتی ہے۔
نظام ہاضمہ کو اچھا بنائے
ایک تحقیق کے مطابق دہی کھانا ایسے پروبائیوٹیکس جسم کا حصہ بناتے ہیں جو معدے میں موجود بیکٹریا کو طاقت بخشتے ہیں، اس کے نتیجے میں نظام ہاضمہ بہتر ہوتا ہے اور مختلف امراض جیسے قبض، ہیضہ اور دیگر کا امکان کم ہوجاتا ہے۔
تناؤ میں کمی کیلئے
ایک امریکی یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ دہی میں موجود اجزاء ذہنی تناؤ میں کمی لانے میں بھی مدد دیتے ہیں۔ خاص طور پر بائیوٹیکس اس حوالے سے مددگار ثابت ہوتے ہیں اور مچھلیوں میں یہ تجربہ کامیاب ثابت ہوا جبکہ محققین کا کہنا تھا کہ انسانوں پر بھی ان نتائج کا اطلاق ہوتا ہے۔
دل کی صحت بہتر بنائے
پروبائیوٹیکس سے بھرپور غذا معمول بنالینا بلڈ پریشر کو کم کرتا ہے جس کے نتیجے میں امراض قلب اور فالج جیسے امراض کا خطرہ بھی گھٹ جاتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق دہی میں پوٹاشیم نامی جز موجود ہوتا ہے جو کہ جسم میں موجود اضافی نمک میں کمی لاتا ہے، اس طرح مختلف امراض کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔
جسمانی وزن میں کمی کیلئے
ایک کینیڈین تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ پروبائیوٹیکس کا استعمال جسمانی وزن میں کمی میں بھی مدد دیتا ہے، اسی طرح واشنگٹن یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ دہی ہمارے اندر بے وقت بھوک کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے جبکہ جسمانی توانائی کو بھی بڑھاتا ہے۔٭



