
گھریلو ایل پی جی سلنڈر 50 روپے اور کمرشل سلنڈر 350 روپے ہوا مہنگا
جب ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 400 روپے سے کم تھی تو اسمرتی ایرانی سلنڈر لے کر سڑک پر بیٹھ گئی تھیں۔ آج سلنڈر کی قیمت 1100 روپے سے تجاوز کر گئی، کیا آج بھی سڑک پر اتریں گی؟۔
نئی دہلی،یکم مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) مارچ کے پہلے دن عوام پر مہنگائی نے زوردار حملہ بولا ہے اور ایل پی جی کے گھریلو اور کمرشل دونوں طرح کے سلنڈروں کے داموں میں زبردست اضافہ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گھریلو ایل پی جی سلنڈر کے داموں میں ماہ کے پہلے دن (یکم مارچ) ہی 50 روپے کا اضافہ ہو گیا ہے۔ اب راجدھانی دہلی میں گھریلو ایل پی جی سلنڈر کے لئے 1103 روپے خرچ کرنے ہوں گے۔ ہولی کے تہوار سے قبل یہ عوام کے لئے بڑا دھچکا ہے۔
خبر کے مطابق 14.2 کلو والے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کے داموں میں 50 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ جبکہ 19 کلو والے کمرشل سلنڈر کے داموں میں 350.50 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ داموں میں اضافہ کے بعد 19 کلو کا کمرشل سلنڈر اب راجدھانی دہلی میں 2119.50 روپے میں دستیاب ہوگا۔ جبکہ گھریلو ایل پی جی سلنڈر 1103 روپے کا ہو گیا ہے۔
بڑھتی ہوئی قیمتوں کا اطلاق آج یعنی یکم مارچ سے ہو گیا ہے۔چار اہم شہروں میں گھریلو ایل پی جی سلنڈر کے دام: دہلی میں گھریلو ایل پی جی کی قیمت 1053 روپے سے بڑھ کر 1103 روپے ہو گئی ہے۔ جبکہ ممبئی میں اس کی قیمت 1052.50 روپے سے بڑھ کر 1102.50 روپے، کولکاتا میں 1079 روپے سے بڑھ کر 1129 روپے اورر چنئی میں 1068.50 روپے سے بڑھ کر 118.50 روپے ہو گئی ہے۔چار اہم شہروں میں کمرشل ایل پی جی سلنڈر کے دام: دہلی میں تجارتی ایل پی جی کی قیمت 1769 روپے سے بڑھ کر 2119.50 روپے ہو گئی ہے۔ جبکہ ممبئی میں 1721 روپے سے بڑھ کر 2071.50 روپے، کولکاتا میں 1869 روپے سے بڑھ کر 2219.50 روپے اور چنئی میں 1917 روپے سے بڑھ کر 2267.50 روپے ہو گئی ہے۔
ایل پی جی کے داموں میں اضافہ: کھڑگے کا طنز,اب کیسے بنیں گے ہولی کے پکوان، کب تک جاری رہیں گے لوٹ کے یہ فرمان؟‘
نئی دہلی،یکم مارچ :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)ہولی سے قبل مارچ کے پہلے ہی دن عوام کو مہنگائی کا بڑا جھٹکا لگا ہے۔ بدھ کو گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 50 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ دہلی میں گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت اب 1103 روپے ہو گئی ہے۔ اس سے پہلے راجدھانی میں گھریلو ایل پی جی سلنڈر 1053 روپے میں دستیاب تھا۔ وہیں کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 350.50 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد کانگریس نے مودی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ٹوئٹر پر لکھا گھریلو رسوئی گیس سلنڈر کے دام 50 روپے بڑھائے۔ کمرشل گیس سلنڈر 350 ردوپے مہنگا۔ عوام پوچھ رہے ہیں- اب کیسے بنیں گے ہولی کے پکوان، کب تک جاری رہیں گے لوٹ کے یہ فرمان؟ مودی سرکار کی نافذ کی گئی کمر توڑ مہنگائی کے تلے پستا ہر انسان!‘‘ دریں اثنا، کانگریس کارکنان نے گھریلو اور تجارتی ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف مدھیہ پردیش قانون ساز اسمبلی کے باہر احتجاج کیا۔وہیں، انڈین نیشنل کانگریس کے ٹوئٹر ہینڈل سے ٹوئٹ کر کے بھی مودی حکومت کو نشانہ بنایا گیا۔ ٹوئٹ میں کہا گیا کہ جب ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 400 روپے سے کم تھی تو اسمرتی ایرانی سلنڈر لے کر سڑک پر بیٹھ گئی تھیں۔ آج سلنڈر کی قیمت 1100 روپے سے تجاوز کر گئی، کیا آج بھی سڑک پر اتریں گی؟۔



