بین ریاستی خبریں

نئی گاڑی نہ خریدیں اوربڑوں کو پیر نہ چھونے دیں،وزراء کو تیجسوی کی ہدایت

پٹنہ، 20اگست:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)بہار کے نائب وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے ہفتہ کے روز آر جے ڈی کوٹہ کے سبھی وزرا کے لیے کچھ اہم ہدایات جاری کی ہیں، اس ہدایت میں انھوں نے سخت لہجے میں کہا ہے کہ وزرا محکمہ میں اپنے لیے کوئی نئی گاڑی نہ خریدیں۔ تیجسوی یادو نے اپنی ہدایات میں وزراسے کہا ہے کہ وہ عمر میں خود سے بڑے کارکنان، خیر خواہوں، حامیوں یا کسی بھی دیگر شخص کو پاؤں نہ چھونے دیں۔آر جے ڈی لیڈر نے اپنی پارٹی کے سبھی وزراسے گزارش کی ہے کہ ان کا سبھی کے ساتھ رویہ اچھا ہو اور بات چیت کا انداز بھی مثبت رہے۔ سادگی سے پیش آتے ہوئے سبھی ذات و مذاہب کے غریب اور ضرورت مند لوگوں کو بلاتاخیر اور ترجیحی بنیاد پر مدد کرنے کی ہدایت بھی آر جے ڈی وزراکو دی گئی ہے۔

اتنا ہی نہیں، انھوں نے سبھی سے تحفہ کی شکل میں کتاب اور قلم پیش کیے جانے کی روش فروغ دینے کو کہا ہے۔ تیجسوی یادو نے خاص طور پر کہا ہے کہ وزراء اپنے کام میں ایمانداری، شفافیت، سرگرمی اور فوری عمل در آمد کے طریقہ کو اپنائیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے سبھی وزراء سے وزیر اعلیٰ اور اپنے ماتحت محکموں، منصوبہ کار اور ترقیاتی کاموں کی سوشل میڈیا پر لگاتار تشہیر کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے عوام کو ان کے ذریعہ کیے جا رہے کاموں کی صحیح جانکاری ملتی رہے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button