
’بدعنوان‘ کجریوال سے ہمدردی نہ رکھیں، اجے ماکن کی کانگریس سے اپیل
کانگریس لیڈر اجے ماکن نے پارٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال کے لیے کوئی ہمدردی یا حمایت نہ کریں
نئی دہلی،17 اپریل:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)کانگریس لیڈر اجے ماکن نے پارٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال کے لیے کوئی ہمدردی یا حمایت نہ کریں۔ماکن نے کہا کہ دہلی شراب پالیسی معاملے میں اروند کیجریوال اور ان کے رہنماؤں کے خلاف بدعنوانی کے سنگین مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ایسے میں کانگریس کے کارکنان ان کی حمایت کرنے سے الجھ جائیں گے اور اس کا فائدہ بی جے پی کو ملے گا۔ایک دن پہلے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے اروند کیجریوال کو فون کرکے سی بی آئی انکوائری کے لیے ہمدردی کا اظہار کیا تھا۔انہوں نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو چیلنج کرنے کے لیے اپوزیشن اتحاد کی بات بھی کی۔ اس بارے میں اجے ماکن نے ٹویٹ کے ذریعے اپنا موقف رکھا ہے۔
کیجریوال پر گھی گیٹ کا الزام لگاتے ہوئے،ماکن نے ٹویٹ کیا کہ کیجریوال اور ان کے ساتھیوں جیسے لوگوں کو، جن کے خلاف بدعنوانی کے سنگین مقدمات ہیں، انہیں کسی قسم کی ہمدردی یا حمایت کی ضرورت نہیں ہے۔ شراب پالیسی گھوٹالہ اور گھی گیٹ جیسے الزامات کی مکمل جانچ ہونی چاہئے اور قصورواروں کو سزا ملنی چاہئے۔اجے ماکن نے کہا کہ میں تمام قابل وکیلوں اور ورکنگ کمیٹی کے سینئر ممبران سے اپیل کرنا چاہوں گا کہ وہ کجریوال یا ان کی حکومت کا مقدمہ عدالت میں نہ لڑیں۔ حالانکہ یہ ان کا پیشہ ورانہ حق ہے جس کا مقدمہ وہ لڑنا چاہتے ہیں لیکن کجریوال حکومت کا مقدمہ لڑنے سے ہمارے کارکنوں کو غلط پیغام جائے گا اور وہ الجھن میں پڑ جائیں گے۔



