دبئی ایئرپورٹ رن وے پانی میں ڈوبا، پروازیں متاثر، ورک فرام ہوم کا اعلان
دبئی میں طوفانی بارشوں نے 75 سال کا ریکارڈ توڑ ڈالا
دبئی، 17اپریل:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں بارش کے باعث سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں میں بدھ 17 اپریل کو بھی تمام سرگرمیاں آن لائن کی گئی۔اماراتی وزار کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ تمام سرکاری اداروں میں ملازمین گھروں سے ڈیوٹی انجام دیں گے۔ موسمی حالات کی وجہ سے دفاتر کو بند رکھا جائے گا۔دبئی ایئر پورٹ پر بارش کے باعث پروازوں کی آمد ورفت متاثر رہی۔ منگل کو دبئی سے جانے والی 21 جبکہ آنے والی 24 فلائٹیں منسوخ کی گئی ہیں۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دبئی ایئرپورٹ کا رن وے پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔
قبل ازیں طوفانی بارش کے بعد دبئی ائیر پورٹ کو 25 منٹ کے لیے بند کرنا پڑا جس سے کئی پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔دبئی ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’موسمی حالات کی وجہ سے اور ایئرپرٹ کے راستے میں سیلابی کیفیت کے باعث بدھ 17 اپریل کی صبح تک پروازوں کی آمد رفت متاثر رہے گی۔بیان میں مزید کہا گیا ’محکمہ موسمیات اور دیگر اداروں سے حاصل ہونے والی رپورٹس کی روشنی میں مسافروں کو ہدایات جاری کی جاتی ہیں۔مسافروں کو چاہئے کہ وہ اپنی پرواز کے حوالے سے تازہ ترین معلومات حاصل کرنے کے بعد ہی ایئرپورٹ کا رخ کریں۔اتھارٹی نے مسافروں کو مشورہ دیا کہ ایئر پورٹ آنے کے لیے میٹرو سروس کا انتخاب کیا جائے۔
موسمی حالات کے پیش نظر میٹرو سروس کے وقت میں صبح 3 بجے تک کا اضافہ کردیا گیا ہے۔علاوہ ازیں موسمیاتی مرکز کا کہنا ہے کہ ساحلی وشمالی علاقوں میں موسم آبرآلود رہے گا جب کہ بعض علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔واضح رہے دبئی میں جاری طوفانی بارش کے باعث متعدد سڑکیں زیر آب ہیں جس کی وجہ سے شہری زندگی مفلوج ہو کررہ گئی۔ گاڑیاں پانی میں بہنے کی بھی اطلاعات ہیں۔سڑکوں کے زیرآب آنے سے ٹریفک کا نظام بھی سخت متاثر ہوا ہے۔ طوفانی بارش کے باعث اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کرکے آن لائن تدریس کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا۔
شاهد.. ارتفاع منسوب المياه بمطار #دبي#منخفض_الهدير pic.twitter.com/8gswSzbJKJ
— العربية الإمارات (@AlArabiyaUAE) April 16, 2024
دبئی میں طوفانی بارشوں نے 75 سال کا ریکارڈ توڑ ڈالا
دبئی میں رات سے جاری بارش کا سلسلہ تھم گیا، مختلف علاقوں سے نکاسی آب کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کی مختلف ریاستوں میں طوفانی بارشوں نے 75 سال کا ریکارڈ توڑ دیا۔طوفانی بارشوں کی وجہ سے مختلف سیکشنز سے دبئی کے شیخ زاید روڈ کو بند کرنا پڑ گیا، ٹریفک جام سے چند کلومیٹر کا فاصلہ کئی گھنٹوں پر محیط ہوگیا۔دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کے سامنے بھی پانی جمع ہو گیا، 25 منٹ تک دبئی ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن بند رہا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حکومت نے عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے، دبئی کی سڑکوں پر صبح سویرے سناٹا ہے۔حکومت کی ہدایت پر اسکولوں میں ریموٹ لرننگ جبکہ دفاترکے ملازمین کو ورک فرام ہوم کی ہدایات کی گئی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سڑکوں پر نکاس آب کے لیے عملہ مصروف یے جبکہ ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ادھر راس الخمیہ میں ایک اماراتی شہری ریلے میں بہہ گیا۔



