بین الاقوامی خبریں

دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کا رن وے45 روزکیلئے بند کرنے کا اعلان

دبئی، 23مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دبئی ایئرپورٹس نے 9 مئی سے دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے (DXB) کا شمالی رن وے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس کے بعد متعدد پروازوں کا شہرکے دوسرے آل مکتوم بین الاقوامی ہوائی اڈے کی طرف موڑے جانے کا امکان ہے۔ ہوائی اڈے کے حکام نے حفاظت اورمؤثرکارروائیوں کو یقینی بنانے کے لیے رن وے کی تعمیرومرمت کا اعلان کیا ہے۔

دبئی کا یہ بین الاقوامی ہوائی اڈا آپریشننل سرگرمیوں کے لحاظ سے مسلسل آٹھویں سال دنیا کا مصروف ترین ائیرپورٹ رہا ہے۔اس ہوائی اڈے کے شمالی رن وے کی آخری مرتبہ 2014 میں بڑے پیمانے پر تعمیرنو اور بحالی کی گئی تھی۔

اب تازہ مرمت وبحالی 2019 میں جنوبی رن وے میں کی گئی اپ گریڈیشن ہی کی عکاس ہوگی۔ہوائی اڈے میں رن وے کے دوسیٹ اپ ہیں۔اب مرمت کے کام کے دوران میں صرف ایک لینڈنگ پٹی کھلی رہے گی۔دریں اثناگلف ائیر نے ایک آن لائن اپ ڈیٹ میں کہا ہے کہ اس کی روزانہ کی سرگرمیاں دونوں ہوائی اڈوں کے درمیان تقسیم کی جائیں گی۔

اس کی بعض پروازیں متاثرہوں گی کیونکہ ایئرلائن نے مسافروں سے درخواست کی تھی کہ وہ روانگی سے قبل اپنے سفری منصوبے کی تصدیق کریں۔دوسری فضائی کمپنیوں سے مزید شیڈول یا ہوائی اڈے کی تبدیلی سے متعلق فوری طور پرکوئی معلومات دستیاب نہیں ہوسکی ہیں۔ڈی ایکس بی اس وقت 84 بین الاقوامی فضائی کمپنیوں کے ذریعے 93 ممالک میں 198 سے زیادہ منزلوں سے جڑا ہوا ہے۔


دبئی میں رمضان کے دوران دفاتر کے اوقات کیا ہوں گے؟

دبئی، 23مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دبئی حکومت نے تمام سرکاری و نجی اداروں میں رمضان المبارک کے دوران لچکدار ڈیوٹی کے اوقات جاری کردیئے ہیں۔ مقامی اخبار البیان کے مطابق حکومت دبئی نے سرکاری دفاتر میں آن لائن کام کرنے کا اختیار بھی دے دیا ہے۔

دبئی حکومت نے کہا ہے کہ تمام سرکاری ونجی دفاتر پیر سے جمعرات تک صبح 9 بجے سے دوپہر ساڑھے 12 بجے تک کھلے رہیں گے،جبکہ جمعہ کے دن دفاتر اور اداروں میں ڈیوٹی صبح 9 بجے سے دو پہر 12 بجے تک رہے گی۔

حکومت نے کہا ہے کہ سرکاری ونجی دفاتر اپنے دائرہ کار اور کام کی نوعیت کے حساب سے لچکدار ڈیوٹی اوقات پر عمل کر سکتے ہیں ۔اسی طرح دفاتر اور اداروں کی انتظامیہ کو اختیار دیا گیا ہے کہ کام متاثر کیے بغیر کارکنوں سے آن لائن کام بھی لے سکتے ہیں۔


امارات دنیا بھر میں توانائی کے امن کا خواہاں ہے: شیخ محمد بن زائد

ابوظہبی، 23مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زائد آل نہیان نے باور کرایا ہے کہ امارات دنیا میں توانائی کے امن اور اس کی منڈی کے استحکام و توازن کا شدید خواہاں ہے۔ ان کا یہ موقف منگل کے روز آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو میں سامنے آیا۔ دونوں شخصیات کے بیچ امارات اور آذربائیجان کے درمیان مختلف شعبوں میں مشترکہ کام کے لیے خصوصسی تعلقات زیر بحث آئے۔

اس کا مقصد معیشت ، تجارت اور توانائی کے میدان میں ترقی کی منازل طے کرنا ہے۔ علاوہ ازیں مشترکہ دل چسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔اماراتی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق دونوں شخصیات کے درمیان یوکرین کے بحران کی روشنی میں توانائی کی عالمی منڈی کی صورت حال پر بھی بات چیت ہوئی۔

یاد رہے کہ یوکرین میں روسی فوجی آپریشن کا آغاز 24 فروری کو ہوا تھا۔ اس کے نتیجے میں یورپی ممالک غیر معمولی طور پر چوکنا ہو گئے۔ اس صورت حال نے مالیاتی مارکیٹ پر بھی اثر ڈالا۔مغربی ممالک نے روس پر کڑی پابندیاں عائد کر دیں۔ ان پابندیوں نے کئی سیکٹروں ، کمپنیوں اور بینکوں کے علاوہ روسی شخصیات ، دولت مند افراد ، سیاست دان اور ارکان پارلیمنٹ کو لپیٹ میں لے لیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button