سرورققومی خبریں

دہلی ایم سی ڈی الیکشن میں ’پاکستان‘ کی بھی انٹری چھوٹے چھوٹے وارڈ ’پاکستان‘ بن گئے ، ہمیں یہاں ترنگا گاڑنا ہے : وجے ورگیہ

بی جے پی کے سینئر لیڈر کیلاش وجے ورگیہ نے کہا کہ کانگریس کی مبینہ’ خوشامدانہ سیاست‘ اور جھاڑو کی کچرا پالیسی کی وجہ سے یہاں کے چھوٹے چھوٹے وارڈ پاکستان بن گئے

نئی دہلی، 27نومبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دہلی کے ایم سی ڈی الیکشن میں اب پاکستان کی بھی انٹری ہو گئی ہے۔ دہلی کے وزیر ستیندر جین کی ویڈیو کے بعد اب بی جے پی نے عام آدمی پارٹی کو نشانہ بنانے کے لیے اپنی پرانی ترکیب کا استعمال کیا ہے۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر کیلاش وجے ورگیہ نے کہا کہ کانگریس کی مبینہ’ خوشامدانہ سیاست‘ اور جھاڑو کی کچرا پالیسی کی وجہ سے یہاں کے چھوٹے چھوٹے وارڈ پاکستان بن گئے ہیں لیکن ہمیں ان سے ڈرنا نہیںہے، کیلاش وجے ورگیہ نے کہا کہ ہم متحد ہو کر چھوٹے چھوٹے وارڈ میں مبینہ طور پر قائم’ پاکستان‘ کو تباہ کریں گے اور وہاں ترنگا گاڑیں گے۔ وجے ورگیہ نے کہا کہ دہلی کے ووٹروں کو یہ احساس دلانا چاہیے کہ ہم ان چھوٹے پاکستانوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ وجے ورگیہ نے مزیدفسطائیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شردھا قتل کیس کے ذریعہ بھی ووٹ کیش کرناچاہا۔

اس ضمن میں وجے ورگیہ نے کہا کہ ’’دہلی میں ٹکڑے کئے، ادے پور میں گردن کاٹ لی، ہمت ہے تو یوپی میں ایسا کر کے دکھائیں، اُن کی سات نسلیں یاد دلا دیں گے‘‘۔ خیال رہے کہ بی جے پی لیڈر کیلاش وجے ورگیہ دہلی کی شری رام کالونی میں انتخابی مہم چلا رہے تھے اور اس دوران انہوں نے بی جے پی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے یہ بیان دیا۔قابل ذکر ہے کہ 24 نومبر کو بی جے پی لیڈر کیلاش وجے ورگیہ نے آپ کے قومی کنوینر اروند کیجریوال کے لیے ’چھاڑو چھاپ‘ اور ’چونی چھاپ‘ جیسے الفاظ کا استعمال کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ جے این یو میں فوج کی بہادری پر سوال اٹھانے والوں اور بھارت مخالف نعروں کی حمایت کرنے والوں کو ووٹ مانگنے کا حق نہیں ہے۔یاد رہے کہ 4 دسمبر کو ہونے والے ایم سی ڈی انتخابات میں بی جے پی، کانگریس اور عام آدمی پارٹی (عآپ) کے درمیان سہ رخی مقابلہ نظر آ رہا ہے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے ایم سی ڈی میں 250 سیٹیں جیتنے کا دعویٰ کیا ہے۔ دوسری طرف ایم سی ڈی پر گزشتہ 15 سال سے حکومت کرنے والی بی جے پی نے بھی دوبارہ جیت کا دعویٰ کردیا ہے، جبکہ کانگریس پارٹی نے بھی اپنی تشہیر میں پوری طاقت جھونک دی ہے، ایم سی ڈی انتخابات کے نتائج 7 دسمبر کو جاری کئے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button