
افغانستان، پاکستان ہندوستان سمیت محسوس کئے گئے زلزلہ کے جھٹکے
دہلی-این سی آر، ہریانہ، پنجاب اور جموں کشمیر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے
نئی دہلی،11جنوری :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)دہلی-این سی آر، ہریانہ، پنجاب اور جموں کشمیر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ زلزلے کا مرکز افغانستان تھا اور اس کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے جھٹکے دوپہر 2 بجکر 50 منٹ پر محسوس کیے گئے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا کہ زلزلے کے دوران گھبرائیں نہیں، پرسکون رہیں۔جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ دفاتر میں کام کرنے والے لوگ بھی اپنا کام چھوڑ کر عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر چھ سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔ زلزلے کا مرکز پاکستان افغانستان سرحد پر بتایا جاتا ہے۔ فی الحال کہیں سے جان و مال کے نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔اطلاعات کے مطابق دہلی-این سی آر سمیت جموں و کشمیر کے پونچھ علاقے میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
اس دوران پاکستان سے خبر ہے کہ دارالحکومت اسلام آباد اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔زلزلے کے جھٹکے کوہاٹ، سرگودھا، ایبٹ آباد اور دیگر شہروں میں بھی محسوس کیے گئے۔خوشاب اور چارسدہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اس کے علاوہ ڈی آئی خان، بنوں، ہنگو، دیامر، پارا چنار، منڈی بہاء الدین، بھکر، نوشہرہ، مظفرآباد، وادی نیلم آزاد کشمیر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، شیخوپورہ، پاکپتن اور گوجرانوالہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6 ریکارڈ کی گئی جس کا مرکز کوہ ہندوکش افغانستان تھا، زلزلہ 213کلو میٹرکی گہرائی میں آیا۔ زلزلے کے باعث عوام کی بڑی تعداد گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئی تاہم کسی جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع تاحال موصول نہیں ہوئی ہے۔



