سنائے مکی سے آسان علاج✍️ ڈاکٹر حکیم محمد فاروق اعظم حبان قاسمی رحیمی شفا خانہ بنگلور
حدیث: حضور اکرم نے ارشاد فرمایا: موت سے بچنے کے لئے اگر کوئی دوا ہوتی تو وہ سنا مکی ہے،
پہچان: سناء مکی کی اصل پیدائش مکہ (عرب) ہے، جیسا کہ نام سے ہی معلوم ہوتا ہے، اور پہلے یہ پتی سرزمین عرب سے ہی درآمد کی جاتی تھی، لیکن آج ہندوستان میں عام ملتی ہے، اور ہندوستان میں بھی اس کی پیداوار ہورہی ہے، کئی اسے سناء ہندی بھی کہتے ہیں، اس پتی کا استعمال دست لانے (لوزموشن) کے لئے کیا جاتا ہے۔ سنا کا پودا تین چار فٹ تک اونچا ہوتا ہے، اس کی پتیاں سکھا کر کام میں لائی جاتی ہیں۔
سناء کی خصوصیت
سناء کی پھلیاں بھی ہوتی ہیں، اور عرب کے پرانے حکماء بطور دوا اس کی پھلیوں کو ہی استعمال کرتے تھے، بعد میں اطباء نے پتیوں کو بہتر پایا اور پتی کا استعمال کرنا شروع کردیا۔ یہ دیر سے اثر کرنے والی دوا ہے، جس کا اثر پانچ سے سات گھنٹے بعد ہوتا ہے، اسی لئے اطباء اس کو رات میں مریض کو دیتے ہیں۔ سناء کی خصوصیت یہ بھی ہے کہ اگر دودھ پلانے والی عورت کو سناء کا سفوف یا جوشاندہ دیا جائے تو دودھ پینے والے بچے کو بھی دست آنے لگتے ہیں۔ مشہور ہے کہ پہلے عرب جانے والے حضرات کو وہاں کی بکریوں کے دودھ سے بھی دست آنے لگتے تھے، کیوں کہ وہاں کی بکریاں کثرت سے سناء کی پتیاں کھاتی تھیں، سناء اتنی اہم بوٹی ہے کہ 1953 سے برٹش فارما کوپبا میں شامل کرلی گئی ہے۔
سناء کے نقصانات
سناء کے استعمال سے کچھ لوگوں کو جی متلانے کی شکایت پیٹ میں مروڑ کی تکلیف ہوتی ہے، اس لئے دودھ پلانے والی عورتیں نازک مزاج اشخاص اور حاملہ عورتیں اس کا استعمال نہ کریں۔
قبض کیلئے شربت سناء
طریقہ وترکیب: سناء مکی پچاس گرام، پھول گلاب پندرہ گرام، مغز کھیرا پندرہ گرام، آلو بخارا پچیس گرام، مغر املتاس پچیس گرام، سونف پچیس گرام، ان تمام ادویات کو موٹا موٹا کوٹ کر دو کلو پانی میں جوش دیں جب پانی آدھا رہ جائے تو مل کر چھان لیں اور دیڑھ کلو سفید شکر میں ملاکر پتیلی میں چڑھا کر ہلکی آنچ پر پکائیں، اور جب گاڑھاپن آجائے تو آگ سے اتار کر ٹھنڈا کرلیں، اور شیشی میں محفوظ کرلیں۔
ترکیب استعمال: روزانہ رات میں سونے سے پہلے تیس سے چالیس گرام تک ایک کپ گرم پانی میں ملا کر پئیں، انشاء اللہ قبض دور ہوگا اور اجابت کھل کر ہوگی۔
درد سر اور مالیخولیا کیلئے
کالی ہیڈ، بہڑہ، آملہ، سناء مکی کی ہر ایک سو گرام لے لیں اور اصلی گھی 250 گرام لے کر اس میں ہیڈ اور بہڑہ کو گھی میں ہلکی آنچ پر بھون لیں، پھر تمام ادویات کو باریک چھان کر شہد میں ملالیں اور ایک شیشے کے برتن میں محفوظ کرلیں، صبح تا شام چھ گرام سے دس گرام تک عرق سونف کے پانی سے استعمال کریں، انشاء اللہ قبض بھی دور ہوگا اور سردرد اور مالیخولیا کے لئے بھی بے حد مفید کارآمد نسخہ ہے۔
دائمی قبض کیلئے
سناء، سونٹھ، سونف، نمک سیندھا، سب برابر وزن لے کر سفوف بنالیں، روزانہ سوتے وقت پانچ گرام پانی سے کھائیں، کم از کم چالیس دن استعمال کریں، دائمی قبض دور ہوگا۔ جو احباب سفوف (پاؤڈر) نہیں کھاسکتے ان کو چاہئے کہ درجِ ذیل نسخے کے مطابق معجون حلوہ تیار کرلیں، حلوہ بنانے کا طریقہ یہ ہے کہ سناء کے پتے پندرہ گرام، چھوٹی الائچی دس گرام، بادام کے بیج بیس گرام، پہلے سناء اور الائچی کو باریک پیس کر حسب ضرورت بادام کے تیل میں بھون لیں اور خالص شہد میں تمام اجزاء کو ڈال کر ملائیں، اور جب تمام دوائیں مل جائیں تو صاف کانچ کے برتن میں محفوظ کرلیں، معجون سناء تیار ہے، بادام کے تیل میں بھوننے سے اس کی تلخی بھی کم ہوگی اور فائدہ زیادہ ہوگا۔
استعمال: رات کو سوتے وقت پانچ گرام سے لے کر دس گرام تک ہمراہ نیم گرم دودھ سے استعمال کریں، دائمی قبض کے لئے سب سے بہتر اور سستا نسخہ ہے۔
موٹاپا کیلئے
سناء مکی پچاس گرام، ہیڈ پچاس گرام، چھوٹی ہیڈ پچاس گرام، شاہی زیرہ پچاس گرام، دار چینی دس گرام، لاکھ عمدہ دس گرام، کلونجی بیس گرام، تمام کو صاف کرکے باریک سے ہلکا موٹا سفوف تیار کرکے صبح وشام پانچ گرام گرم پانی سے استعمال کریں، انشاء اللہ فائدہ ہوگا۔
٭٭٭




