بین ریاستی خبریںسرورق

ایکیوپنکچر کا استعمال کرتے ہوئے گھر میں ڈلیوری کی کوشش کے بعد خاتون، نوزائیدہ بچے کی موت، شوہر پر کیس درج

کیرالہ کے ترواننت پورم سے ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا

ترواننت پورم :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) کیرالہ کے ترواننت پورم سے ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہاں اپنی ضد کے باعث سنکی شوہر نے ایکیوپنکچر کی مدد سے اپنی حاملہ بیوی کو گھر پر ڈلیوری کرنے کی کوشش کی۔ اس واقعے میں خاتون اور نومولود دونوں کی المناک موت ہو گئی۔ یہ خاتون کی چوتھی ڈیلیوری تھی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس کا شوہر نارمل ڈیلیوری چاہتا تھا، اس لیے وہ اپنی بیوی کو پورے 9ماہ تک کسی ڈاکٹر کے پاس نہیں لے کر گیا۔ پولیس نے ملزم شوہر کو گرفتار کر لیا۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ جوڑے نے مبینہ طور پر میڈیکل ڈاکٹر کے بجائے ایکیوپنکچرسٹ کی مدد لی۔ وہ شخص عورت کے کرائے کے مکان پر اسے دیکھنے آیا کرتا تھا۔

پولیس نے بدھ کو بتایا کہ یہ واقعہ منگل کی رات پیش آیا۔ کراکمنڈپم میں ایکیوپنکچر علاج کے ذریعے کرائے کے مکان میں خاتون کی ڈیلیوری کی کوشش کی گئی۔ اس واقعے میں 36 سالہ بیوی شمیرا اور نومولود بچہ دونوں ہلاک ہو گئے۔ پولیس نے معاملے میں ملزم شوہر کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس کے علاوہ اس واقعہ میں غیر فطری موت کا معاملہ بھی درج کیا گیا ہے۔خاتون کو منگل کو کچھ پریشانی ہو رہی تھی۔ آخر کار شام کو اسے ایک پرائیویٹ اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے اور بچے کو مردہ قرار دے دیا۔ جیسے ہی خاتون اور نوزائیدہ بچے کی موت کی خبر سامنے آئی، مقامی کونسلر، آشا ورکرس اور پڑوسی،شوہر کے خلاف میدان میں آگئے اور اس پر ڈاکٹر سے مشورہ نہ کرنے اور غلط علاج کر کے اپنی بیوی کو قتل کرنے کا الزام لگایا۔

وارڈ کونسلر دیپیکا نے کہا کہ خاتون کے شوہر نے آشا کارکنوں کو ان کے گھر میں داخل ہونے یا ان سے بات کرنے کی اجازت نہیں دی تھی۔ انہوں نے کہا، "خاندان ہمیں ان کے گھر میں داخل ہونے یا کوئی اور تفصیلات بتانے کی اجازت دینے کے لیے تیار نہیں تھے۔ ایک دن، ہم کسی طرح گھر میں داخل ہونے میں کامیاب ہوئے اور اس سے بات کی، پھر ہمیں معلوم ہوا کہ شمیرا چوتھی مرتبہ حاملہ تھی۔ "

اس وقت شمیرا سے لی گئی معلومات کے مطابق اس کی پچھلی تمام ڈیلیوری آپریشن کے ذریعے ہوئی تھی۔ کونسلر کا کہنا تھا کہ ’اس لیے اس کے کیس میں نارمل ڈیلیوری کا کوئی امکان نہیں تھا، لیکن اس کا شوہر نارمل ڈیلیوری پر بضد تھا، اس لیے اس نے ڈاکٹر کے پاس نہ جانے کا فیصلہ کیا۔‘ پولیس کا کہنا تھا کہ شوہر سے پوچھ گچھ جاری ہے اور دیگر معلومات اکٹھی کی جائیں گی، کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button