نئی دہلی،29 ؍دسمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) ای ڈی نے مہاراشٹر کے سابق وزیر داخلہ انل دیشمکھ کے خلاف ضمنی چارج شیٹ داخل کی ہے۔ پی ایم ایل اے کے تحت چارج شیٹ تقریباً 7 ہزار صفحات پر مشتمل ہے۔ چارج شیٹ میں انیل دیشمکھ کے دو بیٹوں ہرشی کیش دیش مکھ اور سلیل دیشمکھ کو ملزم بنایا گیا ہے۔
اس وقت انیل دیشمکھ اور ان کے پی اے اور پی ایس بھی جیل میں ہیں۔واضح رہے کہ 22 جولائی کو ممبئی کے میرین ڈرائیو پولیس اسٹیشن نے ایک بلڈر سے 15 کروڑ روپئے مانگنے کے الزام میں پرمبیر سنگھ، پانچ دیگر پولیس اہلکاروں اور دو دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ الزام ہے کہ ملزمان نے ایک دوسرے کے ساتھ ملی بھگت سے شکایت کنندہ کے ہوٹل اور بار کے خلاف کارروائی کا خوف دکھا کر 11.92 لاکھ روپئے ہڑپ لیے۔
دوسری جانب پرمبیر سنگھ نے ریاست کے سابق وزیر داخلہ انل دیشمکھ پر بدعنوانی اور جبری وصولی کا الزام لگایا تھا۔ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کو لکھے ایک خط میں انہوں نے دیشمکھ پر مداخلت کرنے اور پولیس کا استعمال کرتے ہوئے ہر ماہ 100 کروڑ روپئے تک کی وصولی کا الزام لگایا تھا۔



