ممبئی، ۲؍ مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) مہاراشٹر کے وزیر اور این سی پی لیڈر نواب ملک نے اپنی خرابی صحت کا حوالہ دیتے ہوئے خصوصی پی ایم ایل اے عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔ لیکن ای ڈی نے ضمانت کی عرضی کی مخالفت کی ہے۔ نواب ملک کو ممبئی کے جے جے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، ان کی حالت تشویشناک ہے۔عدالت نے جے جے اسپتال سے نواب ملک کی صحت کے بارے میں رپورٹ طلب کی ہے اور 5 مئی کو سماعت کرے گی کہ آیا این سی پی لیڈر کو پرائیویٹ اسپتال منتقل کیا جانا چاہیے۔
نواب ملک کے وکیل کی درخواست کے بعد عدالت نے ملک کی بیٹی نیلوفر اور داماد سمیر خان کو ہسپتال جانے کی اجازت دی گئی۔قبل ازیں جمعہ کو سپریم کورٹ نے ان کی درخواست پر غور کرنے سے انکار کر دیا تھا، جبکہ پی ایم ایل اے عدالت نے ان کی عدالتی تحویل میں 6 مئی تک توسیع کر دی تھی۔نواب ملک نے ممبئی ہائی کورٹ کے حکم کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس کے تحت ہائی کورٹ نے ان کی فوری رہائی کی عبوری درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔ ای ڈی ملک کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی جانچ کر رہی ہے۔
ضمانت کی درخواست پر سپریم کورٹ نے کہا کہ ہم تحقیقات کے اس مرحلے میں مداخلت نہیں کریں گے۔ ایسی صورت حال میں، آپ کو مناسب عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کرنی چاہیے۔ ان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ملک نے کہا تھا کہ پی ایم ایل اے ایکٹ 2005 کا ہے۔ لیکن اسے 1999 میں اس لین دین کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ یہ مبینہ معاملہ نواب ملک کے انڈرورلڈ کنکشن اور اس سے منسلک جائیدادوں کی خریداری میں رقم کے غلط استعمال سے متعلق ہے۔



