ای ڈی: چارج شیٹ میں پہلی بار پرینکا گاندھی کا نام
فرید آباد میں زمین کی خریداری سے متعلق معاملے میں چارج شیٹ میں پرینکا گاندھی کا نام شامل
نئی دہلی ، 28دسمبر:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) ای ڈی نے ہریانہ کے فرید آباد میں زمین کی خریداری سے متعلق معاملے میں چارج شیٹ میں پرینکا گاندھی کا نام شامل کیا ہے۔ ان کے شوہر رابرٹ واڈرا کا نام بھی چارج شیٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ تاہم چارج شیٹ میں پرینکا کا نام اور رابرٹ واڈرا کا نام بطور ملزم شامل نہیں کیا گیا ہے۔کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی کا نام ‘پریوینشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ’ سے متعلق ایک کیس کی چارج شیٹ میں درج کیا گیا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے کہا ہے کہ رابرٹ واڈرا اور پرینکا گاندھی واڈرا نے دہلی کے ایک ریئل اسٹیٹ ایجنٹ کے ذریعے ہریانہ میں زمین خریدی۔ اس ایجنٹ نے این آر آئی بزنس مین سی سی تھمپی کو زمین بھی بیچی۔ای ڈی چارج شیٹ میں پہلی بار پرینکا گاندھی واڈرا کا ذکر کیا گیا ہے۔
سی سی تھمپی اور سمیت چڈھا کے خلاف داخل چارج شیٹ میں پرینکا گاندھی کا نام درج کیا گیا ہے۔ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ رابرٹ واڈرا اور تھمپی کے علاوہ پرینکا گاندھی نے بھی فرید آباد میں زمین خریدی تھی۔ سنجے بھنڈاری کے قریبی تھمپی اور واڈرا کے درمیان مالی تعلق کی تحقیقات کے دوران یہ انکشاف ہوا ہے۔یہ معاملہ فرید آباد میں زمین کی خریداری سے متعلق ہے۔
معلومات کے مطابق، 2005-2006 کے درمیان رابرٹ واڈرا نے فرید آباد کے امی پور گاؤں میں ایچ ایل پاہوا پراپرٹی ڈیلر کے ذریعے تقریباً 40.8 ایکڑ زمین خریدی تھی۔ جسے اس نے دسمبر 2010 میں پاہوا کو واپس بیچ دیا۔ اسی طرح، اپریل 2006 میں اسی امی پور گاؤں میں پرینکا گاندھی واڈرا کے نام پر ایک مکان خریدا گیا تھا۔ جسے فروری 2010 میں واپس پاہوا کو فروخت کر دیا گیا تھا۔ پاہوا تھمپی کے بہت قریب ہے۔ یہ پاہوا ہی تھا جس نے امی پور گاؤں میں تھمپی کی زمین خریدی تھی۔
ای ڈی کا کہنا ہے کہ رابرٹ واڈرا اور تھمپی کے قریبی تعلقات ہیں۔ کاروبار کرنے کے علاوہ دونوں ایک ساتھ بہت سے کام بھی کرتے ہیں۔ یہ معاملہ مفرور اسلحہ ڈیلر سنجے بھنڈاری سے متعلق ہے۔ سنجے بھنڈاری کے خلاف منی لانڈرنگ، فارن ایکسچینج کی خلاف ورزی اور کالے دھن کے قوانین اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے مقدمات درج ہیں۔ سنجے بھنڈاری 2016 میں تفتیشی ایجنسیوں کے خوف سے بھارت سے فرار ہو گئے تھے۔ فی الحال برطانیہ میں مقیم ہیں۔ معلومات کے مطابق تھمپی پر برطانوی شہری سمیت چڈھا کے ساتھ مل کر کالا دھن چھپانے میں سنجے بھنڈاری کی مدد کرنے کا الزام ہے۔



