
کرناٹک اور آندھرا پردیش میں کئی مقامات پر ای ڈی کی چھاپہ ماری
راشن تقسیم گھوٹالہ: مغربی بنگال میں پھر ای ڈی کا ایکشن، 6 مقامات پر چھاپہ ماری
نئی دہلی ،13فروری :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) ای ڈی نے مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں منگل کو کرناٹک اور آندھرا پردیش میں کئی مقامات پر چھاپے مارے۔ ای ڈی نے کہا کہ دونوں ریاستوں میں چھاپوں میں 31 لاکھ روپے کی غیر محسوب نقدی ضبط کی گئی ہے۔سوریہ نارائن ریڈی اور بھرت ریڈی کیخلاف منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ (پی ایم ایل اے) 2002 کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ای ڈی نے کہا کہ اس معاملے میں بیلاری، کرناٹک میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی اور 10 فروری کو تلاشی لی گئی تھی۔تحقیقاتی ایجنسی کو تلاشی کے دوران ایسے شواہد ملے ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ بھرت ریڈی نے مبینہ طور پر اسمبلی انتخابات سے عین قبل چند مہینوں میں تقریباً 42 کروڑ روپے کی نقد رقم جمع کی تھی اور اسی کا استعمال غیر قانونی لین دین کے لیے کیا گیا تھا۔
معلومات کے مطابق، ای ڈی کے چھاپے میں مجرمانہ دستاویزات، کاروباری ریکارڈ اور غیر منقولہ جائیدادوں کی تفصیلات کا نیٹ ورک ملا ہے۔ ایجنسی نے کہا کہ اس مدت کے دوران 31 لاکھ روپئے کی بے حساب نقدی کے ساتھ کئی اہم شواہد ضبط کئے گئے ہیں، جس سے پتہ چلتا ہے کہ بھرت ریڈی، اس کے معاون رتنا بابو اور دیگر غیر قانونی ادائیگیوں کے لیے نقد رقم جمع کرنے میں ملوث تھے۔ای ڈی کی تحقیقات میں مبینہ طور پر یہ بھی پتہ چلا ہے کہ شرتھ ریڈی (بھارت ریڈی کے بھائی) نے غیر ملکی کمپنیوں میں غیر اعلانیہ سرمایہ کاری کی ہے۔ ای ڈی نے کہا کہ اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔
راشن تقسیم گھوٹالہ: مغربی بنگال میں پھر ای ڈی کا ایکشن، 6 مقامات پر چھاپہ ماری
کولکاتہ،13فروری :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) مغربی بنگال میں ایک بار پھر ای ڈی کی چھاپہ ماری سے متعلق خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ای ڈی نے منگل کی صبح سویرے تقریباً 6 مقامات پر چھاپہ ماری شروع کر دی ہے۔ یہ چھاپہ ماری پی ڈی ایس یعنی راشن تقسیم گھوٹالہ کو لے کر ہوئی ہے اور ای ڈی کی کئی ٹیمیں ’منی ایکسچینجر‘ کے ٹھکانوں پر پہنچی ہوئی ہیں۔ ایک دیگر معاملہ میں بھی ای ڈی کی چھاپہ ماری کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔موصولہ اطلاع کے مطابق ای ڈی کی 8 سے 10 ٹیمیں چھاپہ ماری کر رہی ہیں۔
راشن تقسیم گھوٹالہ معاملہ میں گزشتہ ماہ یعنی جنوری میں بھی ای ڈی کی ٹیم نے کئی مقامات پر چھاپے مارے تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ راشن گھوٹالہ کے ملزمین کا حوالہ کاروباریوں کے ساتھ کنکشن سامنے آیا ہے، جس میں انڈین کرنسی کو غیر ملکی کرنسی میں بدل کر باہر بھیجا گیا ہے۔واضح رہے کہ ای ڈی راشن گھوٹالہ کی جانچ سرگرمی کے ساتھ کر رہی ہے۔ اس سے قبل جب ای ڈی کی ٹیم نے کئی مقامات پر چھاپہ ماری کی تھی تو کچھ لوگوں کی گرفتاری بھی عمل میں آئی تھی۔ ان میں مغربی بنگال کے وزیر اور ٹی ایم سی لیڈر سمیت کچھ دیگر افراد بھی شامل ہیں۔ ان لوگوں سے پوچھ تاچھ میں کئی دیگر لوگوں کے نام سامنے آئے ہیں جن کیخلاف ای ڈی کارروائی کر رہی ہے۔



