
مفرور ٹی ایم سی لیڈر شیخ شاہجہاں کے گھر پر ای ڈی کا چھاپہ
5 جنوری کو ای ڈی نے راشن گھوٹالہ معاملے میں ریاست کے 15 مقامات پر چھاپے مارے تھے
کولکاتہ، 24جنوری:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) ای ڈی کی ٹیم آج صبح مغربی بنگال میں مفرور ٹی ایم سی لیڈر شیخ شاہجہاں کے گھر پہنچی۔ ایجنسی کی ٹیم سینٹرل فورس کے 100 سے زیادہ اہلکاروں کو اپنے ساتھ لے گئی تھی۔ دراصل، 19 دن پہلے (5 جنوری) جب ای ڈی کی ٹیم سندیشکھلی گاؤں میں شیخ شاہجہاں کے گھر پر چھاپہ مارنے جا رہی تھی، اس پر بھیڑ نے حملہ کر دیا تھا۔ آج صبح تقریباً 8 بجے ای ڈی کی ٹیم کئی گاڑیوں میں شیخ شاہجہاں کے گھر کے لیے روانہ ہوئی۔ سکیورٹی فورسز بھی بڑی گاڑیوں میں شاہجہاں کے گھر پہنچ گئیں۔اس وقت شاہجہان کے گھر کے باہر بڑی تعداد میں سیکورٹی فورسز موجود ہیں۔ تاہم شاہجہاں کے ٹھکانے کے بارے میں کوئی خبر نہیں ہے۔ ای ڈی حکام نے ان کے گھر پر ایک نوٹس چسپاں کیا ہے جس میں انہیں 29 جنوری کو ای ڈی کے سامنے حاضر ہونے کو کہا گیا ہے۔
5 جنوری کو ای ڈی نے راشن گھوٹالہ معاملے میں ریاست کے 15 مقامات پر چھاپے مارے تھے۔ شمالی 24 پرگنہ ضلع کے سندیشکھلی گاؤں میں ایک ٹیم شیخ شاہجہاں اور شنکر ادھیا کے گھر جا رہی تھی۔ اس دوران ٹی ایم سی کے حامیوں نے انہیں گھیر لیا اور حملہ کیا۔ای ڈی نے کہا کہ ہجوم نے اس وقت حملہ کیا، جب شاہجہاں کے گھر کا تالا توڑا جا رہا تھا۔ اس سے پہلے شاہجہان کو کئی بار فون پر کال کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ نہیں آیا۔ ضلع کے ایس پی سے بات کرنے کی کوشش کی گئی، لیکن انہوں نے بھی بات نہیں کی۔ تب سے وہ مفرور ہیں۔ شیخ شاہجہاں شمالی 24 پرگنہ ضلع کونسل کے فشریز اینڈ اینیمل ریسورس آفیسر اور سندیش کھلی کے ٹی ایم سی بلاک صدر بھی ہیں۔ وہ ممتا حکومت میں وزیر جنگلات جیوتی پریہ ملک کے قریب ہیں۔ ای ڈی نے جیوتی پریہ ملک کو 27 اکتوبر 2023 کو راشن گھوٹالہ معاملے میں گرفتار کیا تھا۔مغربی بنگال پولیس نے ای ڈی ٹیم کے خلاف کیس درج کیا ہے۔6 جنوری کو مغربی بنگال پولیس نے اسی ای ڈی ٹیم کے افسران کے خلاف کیس درج کیا تھا جن پر سندیش کھلی علاقے میں بھیڑ نے حملہ کیا تھا۔اہلکاروں کیخلاف گھر میں گھسنے اور خاتون سے چھیڑ چھاڑ کے الزامات درج کر لیے گئے۔ پولیس نے اس معاملے میں تین ایف آئی آر درج کی ہیں۔ ایک ایف آئی آر ایجنسی کے اہلکاروں کے خلاف اور دو ایف آئی آر نامعلوم افراد کے خلاف درج کی گئیں۔



