
صوبہ مغربی بنگال میں پھر ای ڈی کی بڑی کارروائی
ان کے خلاف لک آؤٹ نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔
کولکاتہ ، 12جنوری:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) مغربی بنگال میں چھاپے کے دوران ای ڈی افسران پر حملے کے بعد ای ڈی ایک بار پھر کارروائی میں ہے۔ عدالت سے تحفظ ملنے کے بعد ای ڈی کی ٹیم ایک بار پھر چھاپے مارنے پہنچی ہے۔ای ڈی نے مغربی بنگال فائر سرویس منسٹر سوجیت بوس کے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔ ای ڈی نے میونسپل اداروں میں بھرتی گھوٹالہ کے معاملے میں کولکاتہ سمیت کئی مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے ہیں۔معلومات کے مطابق، سوجیت بوس کے علاوہ، ای ڈی ٹی ایم سی کے ترجمان اور ایم ایل اے تاپس رائے اور شمالی دم دم میونسپلٹی کے سابق صدر سبودھ چکرورتی سمیت ٹی ایم سی کے سینئر لیڈروں کے گھروں کی تلاشی لے رہی ہے۔ ای ڈی کا یہ چھاپہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ای ڈی اہلکاروں پر حملے کے بعد مرکزی اور ریاستی حکومتیں ایک دوسرے پر حملہ آور ہیں۔
ڈائریکٹر راہل نوین نے افسران کے ساتھ میٹنگ میں کہا کہ تفتیش کے دوران افسران کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ بے خوف ہو کر تحقیق کریں۔ ای ڈی نے افسران سے تحقیقات میں این آئی اے کی مدد لینے کو بھی کہا ہے۔ ای ڈی کی نظر شاہجہان شیخ کے بنگلہ دیش کنکشن پر ہے۔ خواتین پولیس اہلکاروں کو بھی اہلکاروں کے ساتھ رہنے کو کہا گیا ہے۔ تاکہ اگر خواتین تفتیش میں کوئی رکاوٹ پیدا کرتی ہیں تو انہیں ایسا کرنے سے روکا جا سکے۔5 جنوری کو ای ڈی کی ٹیم ٹی ایم سی لیڈر شاہجہان شیخ کے گھر پر چھاپہ مارنے سندیشکھلی پہنچی تھی۔ اس دوران ای ڈی ٹیم پر حملہ کیا گیا۔تب سے شاہجہان شیخ مفرور ہیں۔
ان کے خلاف لک آؤٹ نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔ افسران پر حملے کے بعد ای ڈی نے ایف آئی آر درج کرائی۔ اس کے بعد مغربی بنگال حکومت نے بھی ای ڈی افسران پر چوری، لوگوں پر حملہ اور خواتین کی توہین کا الزام لگایا ہے۔ حال ہی میں، ای ڈی کے سربراہ راہول نوین نے کولکتہ میں ای ڈی کے افسران کے ساتھ مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ ضلع میں گزشتہ ہفتے چھاپوں کے دوران ایجنسی کے دفاتر پر حملے پر ایک میٹنگ کی۔



