نئی دہلی،14؍اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ای ڈی نے منی لانڈرنگ کیس میں پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس لیڈر چرنجیت سنگھ چنی کو سمن جاری کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انہیں اگلی تاریخ کو ای ڈی کے سامنے حاضر ہونے کو کہا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ای ڈی نے چنی کے خلاف ریت کی کان کنی اور ٹرانسفر پوسٹنگ منی لانڈرنگ کے معاملے میں سمن بھیجا ہے۔ اس سے قبل ای ڈی چنی کے بھتیجے بھوپیندر سنگھ ہنی کے خلاف پہلے ہی سخت کارروائی کر چکی ہے۔قابل ذکر ہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) پہلے ہی سی ایم چنی کے بھتیجے بھوپندر سنگھ ہنی اور دیگر کے گھروںپر ریت کی غیر قانونی کانکنی کے سلسلے میں چھاپہ مار چکی ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ ریت کی غیر قانونی کان کنی کا معاملہ پنجاب کی انتخابی مہم میں سب سے زیادہ زیر بحث رہا۔ ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے اپنی پرانی پارٹی کانگریس پر ریت کی کان کنی کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا۔
امریندر سنگھ نے الزام لگایا تھا کہ کانگریس کے اراکین اسمبلی ریت کی غیر قانونی کانکنی میں ملوث ہیں۔ایجنسی نے چنی کے بھتیجے بھوپندر سنگھ عرف ہنی اور اس کے ساتھی کدرت دیپ سنگھ کے خلاف منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔



