صحت اور سائنس کی دنیا

مجربات رحیمی,امراض قلب میں ارجن کی افادیت

ڈاکٹر حکیم محمد فاروق اعظم حبان قاسمی رحیمی شفا خانہ بنگلور

پہچان: قد آور درخت ہمالیہ کی ترائی ، بنگال، پنجاب،یوپی اور جنوبی ہند میںبکثرت پایا جاتا ہے، پتے امرود کے پتوں جیسے قریباً چار پانچ انچ لمبے، اور ایک سے دو انچ چوڑے ہوتے ہیں، اور دس پتوں سے لے کر پندرہ پتے تک ایک شاخ میں لگے ہوتے ہیں، پھول زرد اور ننھے ننھے، پھل دو تنی انکل لمبے سبز، اس پھل کے پانچ چھ پہلے ابھرے ہوئے اور نمایاں ہوتے ہیں ماہ جولائی میں اس پر پھل بکثرت لگتے ہیں۔ ہندوستان بھر کی سڑکوں پر بکثرت کھڑے نظر آتے ہیں۔ طب میں اس کی چھال اور پتے بطور دوا استعمال ہوتی ہے۔

مزاج: اس کا ذائقہ کسیلا ہے اور گرم تاثیر رکھتا ہے۔

فوائد: چھال میں پایا جانے والا گلو کو سائیڈ انگریزی دو اڈیجی ٹیلس (DIGI TALIS) کی طرح دل کی دھڑکن کو ختم کرتا ہے اور دل کو طاقت دیتاہے ڈیجی ٹیلس زہر یلا اثر رکھتا ہے جب کہ چھال ارجن کا گلو کو سائیڈ بے ضرر ہے، اس کی چھال کا جوشاندہ جریان خون، دستوں و پیچش کے علاوہ پھیپھڑوں کے زخم، دق ، تھکن اور پیاس دور کرتا ہے۔

مقدار خوراک: جوشاندہ کی شکل میں اس کی مقدار خوراک 20 گرام، اور سفوف کی مقدار ایک سے 3 گرام تک ہے۔درخت ارجن سے تیار ہونے والے مرکبات درج ذیل ہیںجو نہایت مفید اور فائدہ مند ہیں۔

جریان خون: سفوف ارجن چھال 5 گرام، سفوف صندل سرخ 3گرام، مصری 10گرام تینوں کو باہم ملا کر صبح و شام چاولوں کے پانی کے ساتھ استعمال کرنے سے جریان خون میں فائدہ مندہے۔
دیگر: ارجن کی چھال15گرام، 100ایم ایل پانی میں رات کو بھگو رکھیں، صبح ابال کر نتھار کر پی لیں، خون بند ہوجائے گا۔

تقطیر البول: ارجن کی چھال 15 گرام کا جوشاندہ صبح وشام استعمال کرنے سے تقطیر البول کی شکایت دور ہوجاتی ہے۔

خونی دست: ارجن کی چھال 10 گرام دودھ بھیڑ 20 گرام کیساتھ پیس کر شہد ملا کر دینے سے خونی دست بند ہوجاتے ہیں۔

دل کی کمزوری ودھڑکن : چھال درخت ارجن ایک حصہ، پانی دس حصہ، جوشاندہ بنائیں، اور آدھا کپ پلائیں، محرک و مقوی دل ہے، اسہال و پیچش اور سنگرہنی میں بھی مفید ہے۔
دیگر: چھال ارجن 3گرام، چینی 20گرام، ابلتا ہوا گائے کا دودھ 50 گرام، تینوں کو ایک جان کر کے استعمال کرائیں دل کی سوجن اور درد دل کے لئے مفید ہے یہ علاج ایک سال تک جاری رکھنا چاہیے۔

منہ کے کیل اور مہا سے: چھال ارجن کا سفوف 5گرام، شہد ا10گرام ملا کر منہ کے کیلوں اور مہاسوں پر لگائیں آرام آجائے گا، یہ نسخہ پرانے ویدوں میں مقبول تھا۔

زخم: ارجن کی چھال 10گرام، صاف پانی 50گرام جوشاندہ تیار کر کے چھان لیں۔ اور اس سے زخم کو دھوئیں چند دن کے استعمال سے زخم بھر جاتے ہیں۔

کمزوری دل: درخت ارجن کی چھال20گرام، گائے کا دودھ آدھا لیٹر، پانی آدھا لیٹر، تینوں کو ملا کر جوشائیں، جب پانی اڑ جائے، تو دودھ کو چھان کر حسب ذائقہ چینی ملا کر پی لیں، اس سے دل کو بہت تقویت ملے گی۔

بلغم میں خون: ارجن کی چھال کا سفوف50گرام ، برگ بانسہ کے رس میں ترکر کے کھرل کریں اور خشک کریں، ایسا سات بار کریں، پھر اس سفوف میں چینی ملا کر رکھیں، تین سے 5گرام ہمراہ تازہ پانی دیں، دق کے وہ مریض جنہیں بلغم کے ساتھ خون آتا ہے کے لئے ازحد مفید ہے۔
ہڈی ٹوٹنا: دودھ و گھی کے ساتھ ارجن کی چھال کے سفوف کا استعمال ہڈی ٹوٹنے میں ازحد مفید ہے۔

دل کی کمزوری کا علاج: ارجن کی چھال 50گرام ، گلاب کے پھول 20گرام، صبح و شام ایک چمچ ایک کپ پانی میں پکا کر چھان کر پلائیں کم از کم 6ماہ استعمال کریں۔ضعف قلب کے لئے بے حد مفید ہے۔

فوائد: امراض دل مثلاً کلیجہ جلنا، دل کا کانپنا، دل میں درد ہونا، دل کی کمزوری میں ازحد مفید ہے۔

ارجن کے مجربات

ارجن: درخت ارجن کی چھال 3کلو، منقیٰ ڈھائی کلو، گل مہوہ ایک کلو، ان کو ڈیڑھ من پانی میں پکائیں، پندرہ کلو پانی رہ جانے پر چھان لیں اور گل دھاوا یک کلو گڑ پانچ کلو ڈال کر قوام تیار کریں۔

خوراک2 سے 3گرام برابر پانی ملا کر استعمال کریں۔ دل کی تمام بیماریوں و دل کی دھڑکن ، دل بیٹھنا، دل کا کمزور ہونا کے لئے از حد مفید ہے، پھیپھڑوں کو طاقت دیتا ہے، اوردل ڈوبنا (ہارٹ فیل) سے بچاتا ہے، یہ نسخہ شوگر کے مریض استعمال نہ کریں۔

ارجن کا معجون: ایک کلو چھال ارجن کو موٹا موٹا کوٹ لیں، پھر اس میں آٹھ کلو پانی ملا کر اتنا پکائیں کہ دو کلو رہ جائے، اسے مل چھان کر قلمی داد برتن میں نرم آنچ پر پکائیں جب قدرے پانی رہ جائے تو اس میں آدھی کلو چھال ارجن کے سفوف کو پانی میں گوندھ کر آدھا کلو پانی کے ساتھ ملا لیں اور بدستور نرم آگ پر پکائیں جب تمام پانی جل جائے۔ اور نرم حلوہ کے مانند رہ جائے، تواسے چھان کر 5گرام سے 10گرام صبح و شام نیم گرم دودھ کے ساتھ استعمال کریں۔

کمزوری دل: زہر مہرہ خطائی، دانہ الائچی خورد، طباشیر ہر ایک 25 گرام، ورق چاندی 3 گرام باریک پیس کر سفوف تیار کرلیں چار رتی مربہ سیب یا گاجر میں دیں، کمزوری دل، دمہ قلبی اور گھبراہٹ کے لئے نہایت مفید ہے۔

دیگر: ورق چاندی، طباشیر، ست گلو، الائچی خورد، زہر مہرہ خطائی ہر ایک 10گرام، عرق گلاب میں خوب کھرل کر کے شیشی میں رکھیں اور ایک گرام کی مقدار مین مکھن میں دیں، کمزوری دل ، کمزوری جگر اور بخار میں مفید ہے۔

دل کیلئے: ورق چاندی، طباشیر خالص، الائچی خورد ہر دو برابر لے کر چینی ڈبل ملا کر کھرل میں تین گھنٹہ کھرل کریں، ایک گرام سے دو گرام پانی ، دودھ یا مکھن میں ملا کر دیں، کمزور مریضوں کیلئے مفید ہے۔

دل کی دھڑکن: طباشیر، دھنیا خشک، صندل سفید، الائچی خورد، کہرباء، زہر مہرہ ہر ایک 10 گرام، نارجیل، عقیق بھسم 10 گرام، مرجان بھسم 10 گرام، ورق چاندی 15 عدد، باریک کھرل کریں، خوراک 2 گرام ہمراہ رب انار دیں۔

دیگر: طباشیر دانۂ الائچی خورد، صندل سفید ، ناجیل دریائی ، دھنیا خشک، زر ورد ، زہر مہرہ ، ابریشم شدھ،کہربا،مرجان بھسم، ورق چاندی، بھسم عقیق برابر لے کر خوب باریک کپڑ چھان کر لیں خوراک ایک گرام صبح ایک گرام شام ہمراہ عرق کیوڑہ 30گرام دیں۔

دل کی کمزوری: زہرمہرہ خطائی، دانہ الائچی خورد، طباشیر ہر ایک ۵۰ گرام، ورق چاندی ۵ گرام، باریک پیس کر سفوف بنالیں، خوراک چار گرام ہمراہ مربہ سیب یا مربہ آملہ یا مربہ گاجر دیں قلبی دمہ و دل کی گھبراہٹ و کمزوری دل میں مفید ہے۔

دل کی دھڑکن: کیکر کے پھولوں کی ڈوڈیاں چھ گرام سے 10گرام پانی میں گھوٹ کر مصری ملا کر پینے سے خفقان دل اور دل کی دھڑکن کی شکایت دور ہوجاتی ہے۔٭

متعلقہ خبریں

Back to top button