سرورقصحت اور سائنس کی دنیا

آئیے جانتے ہیں انڈا: قابلِ استعمال ہے یا نہیں

پیش کش: رافعہ عروہ بنگلور

آج کل بازار میں ملاوٹ اور جعلی اشیا کی فروخت کا کاروبار عروج پر ہے۔ بہت سے تاجر زیادہ منافع کمانے کے لیے صارفین کی صحت سے کھیلتے ہیں۔ مارکیٹ میں نقلی یا پرانے انڈے بھی بہت دستیاب ہیں۔ ہر چیز کی ایکسپائری ڈیٹ ہوتی ہے اور اس وقت کے بعد اسے استعمال کرنا درست نہیں اس لیے جب بھی انڈے خریدنے جائیں تو پرانے انڈے نہ خریدیں، آئیے جانتے ہیں کہ تازہ اور ایکسپائر انڈوں کی پہچان کیا ہے؟

پانی کا ٹیسٹ

یہ دیکھنے کے لیے کہ انڈہ تازہ ہے یا ایکسپائر ہو کر خراب ہو گیا ہے کسی برتن میں پانی ڈال کر اس میں انڈا ڈالیں اگر انڈہ پانی میں ڈوب جائے تو یہ نشانی ہے کہ انڈہ بالکل ٹھیک ہے لیکن اگر وہ پانی کی سطح پر آجائے تو یہ نشانی ہے کہ انڈہ کھانے کے قابل نہیں ہے۔

انڈے کی زردی

انڈہ جب پرانا ہوتا ہے یا عام طور پر دوکان دار اسے کسی ایسی جگہ پر رکھ دیتا ہے جہاں زیادہ گرمی یا دھوپ رہتی ہے تو وہ انڈہ اپنے وقت سے پہلے خراب ہو جاتا ہے۔ اس چیز کو دیکھنے کے لیے اسے کسی برتن میں توڑ کر کھولیں اور دیکھیں۔ اگر وہ پانی جیسا ہو رہا ہے اور اُس کی زردی برتن میں خود ہی ٹوٹ گئی ہے تو سمجھ لیں کہ انڈہ ایکسپائر ہونے کے بالکل قریب ہے۔ ایسے انڈے کی زردی اسے فرائی کرتے وقت بھی بہت جلد ٹوٹ جاتی ہے اور اسکا ذائقہ بھی اچھا نہیں رہتا۔

ایکسپائری ڈیٹ

اگر آپ پیک شدہ انڈے خرید رہے ہیں تو اس پر درج ایکسپائری ڈیٹ چیک کریں آج کل سپر مارکیٹوں یا بڑی دکانوں میں پیک شدہ انڈے چھوٹی ٹرے میں دستیاب ہیں جن میں ایکسپائری ڈیٹ لکھی ہوتی ہے، اس لیے انہیں خریدتے وقت اس تاریخ کو ضرور چیک کریں۔ ایسا نہ ہو کہ دکاندار آپ کو جلدی میں پرانے انڈے بیچ دے۔ اس بات کا اندازہ لگائیں کہ آپ نے کتنے دن یہ انڈے کھانے ہیں، آیا آپ ان انڈوں کو ایکسپائری ڈیٹ سے پہلے کھا پائیں گے یا نہیں۔

انڈہ سونگھ کر دیکھیں

بازار میں ملنے والے انڈے تازہ ہیں یا نہیں، اسے سونگھ کر بھی معلوم کیا جا سکتا ہے۔ پہلے انڈے کو توڑ کر برتن میں ڈالیں اور پھر اسے سونگھیں۔ اگر اس سے سڑنے کی بدبو آتی ہے تو سمجھ لیں کہ اسے کھایا نہیں جا سکتا۔

رنگ والا انڈہ

احتیاط سے چیک کریں بہت سے دکاندار پرانے انڈے کو خوبصورت دیکھانے کے لیے رنگ دیتے ہیں لیکن اس کے باوجود کوئی بھی شخص گہری نظر سے نئے یا پرانے انڈے کو پہچان سکتا ہے۔ آپ کو غور سے دیکھنا چاہیے کہ انڈا کہیں سے پھٹا تو نہیں ہے اور نہ ہی اس کے چھلکے گر رہے ہیں۔ اگر ایسا ہے تو وہ انڈے نہ خریدیں اور نہ کھائیں۔

نوٹ: یاد رکھیں انڈے کو اگر اچھی طرح دھو کر ریفریجریٹر یا ٹھنڈی جگہ پر رکھا جائے تو اس کی ایکسپائری ڈیٹ 3 سے 5 ہفتے تک ہوتی ہے لیکن اگر انڈہ اچھے طریقے سے اسٹور نہیں کیا گیا تو یہ 1 ہفتے سے بھی پہلے خراب ہو سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button