قاہرہ،31؍مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مصر میں پولیس حکام نے طالبیہ کے علاقے میں شادی کے چند گھنٹے بعد نوبیاہتا جوڑے کی اپنے اپارٹمنٹ کی بالکونی سے چھلانگ لگا کر خودکشی کے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔میڈیارپورٹس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ نوجوان اور لڑکی کی وقوعہ کی رات شادی ہوئی تھی اور انہوں نے طالبیہ کے علاقے میں دسویں منزل پر واقع اپنے اپارٹمنٹ کی بالکونی سے چھلانگ لگانے کا فیصلہ کیا۔
ان کی خود کشی پرلوگ حیران و پریشان ہیں۔تحقیقات سے پتا چلا کہ مرنے والے جوڑی کی عمر پچیس اور تیس سال تھی۔ انہوں نے اپنی شادی کے چند گھنٹے بعد دسویں منزل سے چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا اور مصری میڈیا کے مطابق واقعے کے پیچھے کوئی مجرمانہ شبہ نہیں ہے۔تحقیقاتی حکام وجوہات جاننے کے لیے متوفی کے اہل خانہ کے بیانات سنیں گے جب کہ انہوں نے فرانزک رپورٹ داخل کرنے کے بعد دونوں لاشوں کی تدفین کی اجازت دے دی۔
کینیڈا: مکان میں آتشزدگی سے مسلم خاندان جل کر جاں بحق
ٹورنٹو،31؍مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) کینیڈا میں ایک مکان میں لگنے والی آگ میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں والدین اور ان کے 3 بچے شامل ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا میں ایک مکان میں ہونے والی آتشزدگی میں 31 سالہ نذرعلی اپنی اہلیہ اور تین بچوں سمیت جل کر جاں بحق ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں 6 سالہ عالیہ، 8 سالہ جیڈان اور 11 سالہ لیلیٰ شامل ہیں۔ گھر میں آگ رات کو لگی جب اہل خانہ سو رہے تھے جب کہ گھر کے اسموک الارم خراب تھے۔جس وقت فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچیں تو آگ کے بلند شعلوں نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا تھا۔
اہلکاروں نے دو مردہ اور تین شدید زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔اسپتال پہنچ کر زخمیوں نے بھی دم توڑ دیا۔ ایک بزرگ خاتون کو زخمی حالت میں گھر کے باہر پایا گیا تھا جن کا علاج جاری ہے۔
آسٹریلیا: فوجی ہیلی کاپٹر گِر گیا
ملبورن ،31؍مارچ :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) آسٹریلیا کے شہر ملبورن سے پرواز لینے والے 2 فوجی ہیلی کاپٹروں میں سے ایک جنگلاتی اراضی میں گر گیا ہے۔اطلاع کے مطابق آسٹریلیا دفاعی فورسز کے 2 ہیلی کاپٹروں نے ایک ہی علاقے سے پرواز لی۔ دونوں ہیلی کاپٹروں میں پانچ پانچ افراد سوار تھے۔
ہیلی کاپٹروں میں سے ایک نامعلوم وجوہات کی بنا پر میلبورن کے شمالی علاقے مونٹ ڈس اپائنٹمنٹ میں گِر گیا ہے۔جنگلاتی اراضی میں فضاء سے تلاش کے کاموں کے دوران ہیلی کاپٹر کے ملبے کی نشاندہی ہو گئی ہے۔امدادی ٹیمیں جائے حادثہ کی طرف روانہ کر دی گئی ہیں۔حکام نے حادثے کے متاثرین سے متعلق تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
انگلینڈ میں 20 اور 50 پاؤنڈ کی نوٹ بندی کا اعلان
لندن،31؍مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) بینک آف انگلینڈ نے 20 اور 50 پاونڈ والے کاغذ کے نوٹ بند کرنے کا اعلان کر دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بینک آف انگلینڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 20 اور 50 پاؤنڈ والے کاغذ کے نوٹ 6 ماہ بعد قابل استعمال نہیں رہیں گے۔
بینک آف انگلینڈ نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ 20 اور 50 پاؤنڈ کے کرنسی نوٹ خرچ کر لیں یا پھر بینک میں ڈیپازٹ کرا دیں۔چیف کیشئر بینک آف انگلینڈ سارہ جان کا کہنا ہے کہ کاغذ کے نوٹوں کی جگہ پلاسٹک کے نوٹ متعارف کرا دیے گئے ہیں، پلاسٹک نوٹوں کی نقل کرنا بھی مشکل ہے۔
جرمنی میں کورونا وائرس کے باعث ایک دن میں پونے تین سو سے زائد ہلاکتیں
برلن ،31؍مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)جرمنی میں کورونا وائرس کے باعث گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید دو سو اناسی افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ بات برلن میں وبائی امراض کی روک تھام کے جرمن ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کی طرف سے جمعرات کی صبح بتائی گئی۔
مجموعی طور پر جرمنی میں کووڈ انیس کی وبا کے سبب اب تک ایک لاکھ انتیس ہزار چار سو کے قریب افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسی دوران گزشتہ روز ملک میں کورونا وائرس کی تقریبا پونے تین لاکھ نئی انفیکشنز بھی ریکارڈ کی گئیں اور متاثرین کی مجموعی تعداد دو کروڑ گیارہ لاکھ سے تجاوز کر گئی۔
رمضان المبارک کے دوران امریکی ریاست میں اذان دینے کی اجازت
نیویارک،31؍مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)امریکی ریاست منی سوٹا کے شہر منیا پولس میں رمضان کے دوران مساجد میں اذان دینے کی اجازت دے دی گئی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق منیاپولس کی مقامی مساجد میں رمضان کے دوران اذان دی جاسکے گی۔
اذان دینے کے حوالے سے اجازت کا بل سٹی کونسل کے ممبر جمال عثمان نے مساوات کے نام سے پیش کیا جسے کونسل نے منظور کرتے ہوئے صبح 7 بجے سے رات 10 بجے تک لاو?ڈ اسپیکر پر اذان دینے کی اجازت دے دی۔بل کی منظور ی کے مطابق شہر میں دن بھر میں تین اذانیں (70 ڈیسیبل کی حد) میں دی جاسکیں گی۔
پیرس دہشت گردانہ حملے: مرکزی ملزم کوئی خود کش بم دھماکہ نہیں کرنا چاہتا تھا
پیرس ،31؍مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں دو ہزار پندرہ کے دہشت گردانہ حملوں کے ایک مرکزی ملزم نے اپنے خلاف مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت کو بتایا کہ اس نے ایک خود کش جیکٹ پہنے ہونے کے باوجود کوئی بم دھماکہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پیرس میں بیک وقت کئی مقامات پر کیے گئے ان دہشت گردانہ حملوں میں ایک سو تیس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ان حملوں کا واحد زندہ ملزم داعش کا صالح عبدالسلام نامی شدت پسند ہے، جس نے یہ بیان ایک فرانسیسی عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران دیا۔
ملزم عبدالسلام نے کہا کہ اس نے کوئی خود کش بم دھماکہ نہ کرنے کا فیصلہ دانستہ طور پر کیا تھا مگر اپنے ساتھی شدت پسندوں کے ساتھ جھوٹ بولا تھا کہ اس کی جیکٹ میں بھرا ہوا بارودی مواد کوشش کے باوجود نہیں پھٹا تھا۔
یوکرین میں روسی فوج نے اپنا ہی طیارہ مار گرایا
ماسکو،31؍مارچ :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)یوکرین میں روسی فوجیوں نے غلطی سے اپنا ہی طیارہ مار گرایا۔برطانیہ کی خفیہ ایجنسی کے سربراہ سر جیرمی فلیمنگ نے بیان میں کہا کہ یوکرین میں روسی فوج نے غلطی سے اپنا ہی طیارہ مار گرایا۔ یوکرین میں لڑنے والے روسی فوجیوں کے حوصلے پست ہیں اور وہ احکامات پرعمل نہیں کررہے۔
برطانوی انٹیلی جنس چیف نے مزید کہا کہ یوکرین میں روس کے لئے صورتحال انتہائی خراب ہے لیکن صدرپوٹن کے مشیرانہیں سچائی بتاتے ہوئے ڈرتے ہیں۔
ایسا لگتا ہے کہ روسی صدرنے یوکرین کے بارے میں غلط اندازہ لگایا تھا۔انہوں نے کہا یوکرین میں روسی فوجی دلبرداشتہ ہیں ان کے پاس اسلحے کی کمی ہے اوروہ غصے اورمایوسی کے عالم میں اپنے ہی ہتھیار تباہ کررہے ہیں اوراحکامات ماننے سے انکارکررہے ہیں۔
مذاکرات میں اعتماد بڑھانے کیلئے روس کا یوکرائن پر حملوں میں کمی کا اعلان
نیو یارک؍ استنبول؍ ماسکو ،31؍مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) روس نے یوکرائن کے دارالحکومت کیف اور دیگر شہروں پر حملوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ روسی حکام کے مطابق مقصد جنگ بندی کے لئے ہونے والے مذاکرات میں باہمی اعتماد کو بڑھانا ہے۔ یوکرین میں جنگ بندی کے لئے کئی ہفتوں بعد یوکرین اور روس میں مذاکرات ترکی کے شہر استنبول میں جاری ہیں۔
مذاکرات میں یوکرائنی حکام نے روس سے ہزاروں شہریوں کا انخلاء یقینی بنانے کیلئے جنگ بندی کا معاہدہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ یوکرائن نے عالمی ضمانتوں کے ساتھ ساتھ غیر جانبدار حیثیت اختیار کرنے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔
اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب ڈائی بنگ نے خبر دار کیا کہ یوکرائن کے تنازعہ پر اندھا دھند پابندیاں نئے انسانی مسائل کو جنم دیں گی۔ ترقی پذیر ممالک اس تنازعہ کے فریق نہیں‘ انہیں تصادم کی طرف نہیں کھینچا جانا چاہئے‘ بڑی طاقتوں کے سامنے مجبور نہیں ہونا چاہئے۔یوکرائن نے سرحدی علاقے سے ایک میزائل داغا جو روس کے فوجی اڈے کو لگا۔ اسلحے کا ذخیرہ تباہ ہو گیا اور 4 فوجی شدید زخمی ہو گئے۔