دلچسپ خبریں

مصری پہلوان نے دانتوں سے 1150 ٹن وزنی بحری جہاز کھینچ کر سب کو حیران کردیا

اشرف مہروس نے اپنے ہی ریکارڈ کو توڑنے کے لیے نئی تاریخ رقم کردی

قاہرہ :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)مصری پہلوان اشرف مہروس عرف ’اسٹرونگ مین‘ نے اپنی غیر معمولی طاقت کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کو حیران کردیا۔ 44 سالہ اشرف نے ہفتے کے روز بحیرۂ احمر کے مشہور سیاحتی مقام ہُرغادہ پر ایک ایسا کارنامہ انجام دیا جس نے دیکھنے والوں کو دنگ کر دیا۔

اشرف مہروس نے اپنے مضبوط دانتوں سے 700 ٹن وزنی بحری جہاز کھینچ کر نہ صرف سب کو حیران کیا بلکہ اس کے بعد دو اضافی جہاز بھی ساتھ باندھ لیے۔ اس کے نتیجے میں کھینچے گئے جہازوں کا مجموعی وزن تقریباً 1150 ٹن ہو گیا۔اشرف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ اپنے اس تازہ کارنامے کو گنیز ورلڈ ریکارڈ میں درج کروانے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ اپنے ہی 2018ء میں بنائے گئے 614 ٹن وزنی جہاز کھینچنے کے ریکارڈ کو توڑ سکیں۔

6 فٹ تین انچ قد اور 155 کلوگرام وزن کے حامل اشرف نے بتایا کہ وہ روزانہ کم از کم 6 گھنٹے کی ورزش دو مختلف سیشنز میں کرتے ہیں۔ اپنی خوراک کے بارے میں اُن کا کہنا تھا کہ وہ کسی قسم کے سپلیمنٹس استعمال نہیں کرتے بلکہ انڈے، چکن اور مچھلی جیسی قدرتی پروٹین اور آئرن سے بھرپور غذائیں کھاتے ہیں۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ اشرف مہروس نے مارچ 2025 میں بھی ایک انوکھا ریکارڈ بنایا تھا، جب انہوں نے 279 ٹن وزنی ٹرین کو اپنے دانتوں سے 10 میٹر تک کھینچا اور اس کارنامے پر گنیز سرٹیفکیٹ بھی حاصل کیا۔

اشرف کا ماننا ہے کہ سخت محنت، مسلسل ٹریننگ اور فطری غذا ہی ان کی طاقت کا راز ہے۔ وہ مزید بڑے عالمی ریکارڈز بنانے کے عزم کا اظہار بھی کر چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button