وائٹ ہاؤس میں عید پارٹی، خفیہ اداروں نے مسلمان میئر کو شرکت کی اجازت نہیں دی
خفیہ سروس نے ان کے داخلے کی سکیورٹی کلیئرنس نہیں دی لہٰذا وہ شرکت نہیں کر سکتے
نیویارک ، 2 مئی :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) امریکی ریاست نیوجرسی کے شہر پراسپکٹ پارک کے مسلمان میئر کو خفیہ ایجنسی نے وائٹ ہاؤس میں ہونے والی عید پارٹی میں شرکت سے روک دیا ہے۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق میئر محمد خیراللہ New Jersey Mayor Mohamed Khairullah کو تقریب میں پہنچنے سے کچھ دیر قبل وائٹ ہاؤس سے فون کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ خفیہ سروس نے ان کے داخلے کی سکیورٹی کلیئرنس نہیں دی لہٰذا وہ شرکت نہیں کر سکتے۔پیر کو وائٹ ہاؤس میں عید الفطر کی مناسبت سے تقریب منعقد کی گئی تھی جس سے صدر جو بائیڈن نے بھی خطاب کیا۔خفیہ ایجنسی کے ترجمان اینتھونی گوگلیامی نے تصدیق کی ہے کہ مسلمان میئر محمد خیراللہ کو وائٹ ہاؤس میں داخلے کی اجازت نہیں دی تاہم انہوں نے وجہ بتانے سے انکار کیا ہے۔
محمد خیراللہ جنوری میں پانچویں مرتبہ ریاست نیوجرسی کے شہر پراسپکٹ پارک کے میئر منتخب ہوئے ہیں۔ترجمان اینتھونی گوگلیامی نے جاری بیان میں کہا کہ وائٹ ہاؤس میں سکیورٹی آپریشن کی غرض سے لیے گئے حفاظتی اقدامات سے متعلق مزید معلومات نہیں فراہم کر سکتے۔امریکی اسلامک تعلقات کونسل کے نیو جرسی چیپٹر (سی اے آئی آر) کے ڈائریکٹر صلادین مسکت نے اس اقدام کو ناقابل قبول اور ہتک آمیز قرار دیا ہے۔میئر محمد خیراللہ شام اور بنگلہ دیش میں فلاحی کاموں میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔ سی اے آئی آر نیوجرسی کی ترجمان نے بتایا کہ اس سے قبل خیراللہ کو نیو یارک کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تین گھنٹے کے لیے روکا گیا تھا اور ان سے دہشت گردوں سے متعلق پوچھ گچھ کی گئی تھی۔وائٹ ہاؤس نے میئر محمد خیراللہ کو شرکت سے روکنے کے معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔



