آٹھویں جماعت کی طالبہ سے زیادتی،ملزم نے ویڈیو وائرل کر دی۔
سنوج پاسوان نے اسے گھر چھوڑنے کو کہا اور اسے اپنے ساتھ بائک پر بٹھایا۔ راستے میں جنگل سے گزرتے ہوئے اس نے موٹر سائیکل روک لی اور زیادتی کی۔ اس دوران اس نے نابالغ کی کئی فحش تصاویر اور ویڈیوز بھی بنائیں۔
جھارکھنڈ :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) جھارکھنڈ میں بیٹیوں کے ساتھ مظالم کے واقعات رکنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ اب پلامو ضلع میں کستوربا گاندھی ودیالیہ کی آٹھویں جماعت کی طالبہ کے ساتھ عصمت دری کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ الزام ہے کہ ایک بار طالبہ کو ملزم نے ڈرا دھمکا کر ریپ کیا تھا۔ اس دوران ملزم نے اس کی ویڈیو بھی بنائی۔ اب ملزم اسے جنسی تعلقات بنانے کے لیے دباو ڈال رہا تھا۔ لڑکی نے اس پر احتجاج کیا تو ملزم نے اس کی فحش ویڈیو وائرل کر دی۔ اطلاع ملتے ہی متاثرہ طالبہ کے رشتہ داروں نے پولیس کو شکایت کی ہے۔ پولیس نے تحریر کی بنیاد پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
پلامو پولیس کے مطابق یہ واقعہ حسین آباد تھانہ علاقہ کے مہوڈنڈ پنچایت کا ہے۔ یہ واقعہ یہاں رہنے والے پرہیا برادری کے ایک 13 سالہ آٹھویں جماعت کی طالبہ کے ساتھ پیش آیا ہے۔ ملزم نوجوان بھی اسی گاؤں کا رہنے والا ہے۔ اس کی شناخت سنوج پاسوان کے طور پر ہوئی ہے۔ الزام ہے کہ طالبہ امتحان دے کر گھر واپس آرہی تھی کہ اس دوران ملزم اسے گھر چھوڑنے کے بہانے ویران جنگل میں لے گیا اور زیادتی کی۔ اس دوران ملزم نے اس کی فحش ویڈیو بھی بنائی۔
پولیس کی پوچھ گچھ میں متاثرہ لڑکی نے بتایا کہ پہلا واقعہ تقریباً چار ماہ قبل پیش آیا۔ اس کے بعد سے ملزم اسے ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کرکے جنسی زیادتی کا نشانہ بنا رہا تھا تاہم اب وہ ملزم کی حرکات سے تنگ آچکی ہے۔ متاثرہ نے بتایا کہ جب اس نے ملزم کے ساتھ جنسی تعلقات سے انکار کیا تو ملزم نے اس کی فحش ویڈیو وائرل کر دی۔ دوسری جانب متاثرہ کے والد نے پولیس کو شکایت دیتے ہوئے بتایا کہ ملزم کا تعلق دبنگ خاندان سے ہے۔ سارے گاؤں کے لوگ اس سے ڈرتے ہیں۔ ملزم نے مقدمہ درج کرنے کی صورت میں اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ عصمت دری کا شکار ایک نابالغ ہے اور کستوربا گاندھی ودیالیہ میں آٹھویں جماعت میں پڑھتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 11 جولائی کو ان کا امتحان تھا۔ وہ سڑک پر کھڑی اسکول میں امتحان دینے کے بعد اپنے گھر جانے والی گاڑی کا انتظار کر رہی تھی۔ اسی دوران گاؤں کا رہنے والا سنوج پاسوان بائک لے کر پہنچ گیا۔ سنوج پاسوان نے اسے گھر چھوڑنے کو کہا اور اسے اپنے ساتھ بائک پر بٹھایا۔ راستے میں جنگل سے گزرتے ہوئے اس نے موٹر سائیکل روک لی اور زیادتی کی۔ اس دوران اس نے نابالغ کی کئی فحش تصاویر اور ویڈیوز بھی بنائیں۔



