ایلن مسک کی صہیونی وزیراعظم سے ملاقات ، نتین یاہو کی شکایت
آپ کے سوشل میڈیا ایکس پر ’یہود مخالف ‘مواد بہت زیادہ ہے:اسرائیلی صدر
مقبوضہ بیت المقدس،28نومبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) اسرائیلی صدر نے ایلن مسک سے، جن کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر یہود یوں کی مخالفت پھیلانے کا الزام لگایا گیا ہے، کہا ہے کہ انہیں یہود مخالف مہم کے مقابلے میں ایک بڑا کردار ادا کرنا ہو گا۔یہ ملاقات اس کے بعد ہوئی جب دنیا کے امیر ترین شخص، مسک نے سات اکتوبر کو حماس عسکریت پسندوں کے حملوں سے تباہ ہونے والی اسرائیل کی ایک زرعی کمیونٹی کا دورہ کیا اور وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور دفاع سے متعلق اسرائیلی عہدے داروں سے ملاقات کی۔مسک پراس بارے میں نکتہ چینی ہوتی رہی ہے کہ اکتوبر2022 سے جب سے انہوں نے ’ایکس‘ کا کنٹرول سنبھالا ہے اس سوشل میڈیا پر نفرت پر مبنی مواد کا پھیلاؤ ہوا ہے۔ایکس پر ایک ایسی سازشی تھیوری سے متفق ہونے کے بعد جس میں بظاہر یہودیوں پر سفید فام اکثریت کوکمزور کرنے کی کوشش کا الزام لگایا گیا تھا،وائٹ ہاؤس نے انہیں یہود مخالفت پھیلانے کے لیے مورد الزا م ٹھہرایا تھا۔اسرائیل کے صدر ہرزوگ نے کہا کہ آپ کو ایک بڑا کردار ادا کرنا ہے اور میرا خیال ہے کہ ہمیں مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہو گا کیوں کہ آپ جن پلیٹ فارمز کی قیادت کرتے ہیں بد قسمتی سے وہاں یہود مخالف مواد بہت زیادہ ہے۔
مسک نے ہرزوگ کے دفتر سے جاری کی گئی اس ویڈیو میں صیہونی مخالف مواد کا ذکر نہیں کیا لیکن کہا کہ حماس عسکریت پسند اس وقت سے پروپیگنڈے کا نشانہ بن رہے ہیں جب وہ بچے تھے۔انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اگر انسانوں کو ان کے بچپن سے ہی جھوٹے پراپیگنڈے کا نشانہ بنایا جائے تو وہ کیا کچھ کر سکتے ہیں؛ وہ سمجھیں گے کہ بے گناہ لوگوں کا قتل کوئی اچھی بات ہے۔سات اکتوبر کو حماس کے عسکریت پسندوں نے غزہ کی سرحد سے جنوبی اسرائیل میں داخل ہو کر اسرائیلی حکام کے مطابق 1200 لوگوں کو ہلاک اور لگ بھگ 240 کو یرغمال بنا لیا تھا۔اسرائیل نے جوابی طور پر حماس کو تباہ کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے غزہ میں اہداف پر اندھا دھند بمباری کے ساتھ ساتھ زمینی حملہ کیا ہے جس میں حماس کی حکومت کے مطابق لگ بھگ 15 ہزار لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔ تاہم جمعے سے جنگ بندی نافذ ہے۔
ایلون مسک کا دورۂ اسرائیل، اسٹار لنک سروس غزہ کو فراہم نہ کرنے پر متفق
ٹیسلا، اسپیس ایکس اورٹوئٹر ایکس کے مالک ایلون مسک نے اسرائیل کا دورہ کیا ہے جس کے دوران وہ ان علاقوں میں بھی گئے جہاں 7 اکتوبر کو حماس نے آپریشن طوفان الاقصیٰ کیا تھا۔ایلون مسک 27 نومبر کی صبح تل ابیب پہنچے تھے جس کے بعد انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم کیساتھ مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ایلون مسک نے یہ دورہ اس وقت کیا ہے جب ان پر ایک ایسی پوسٹ پر رپلائی کرنے پر شدید تنقید کی جا رہی ہے، جسے اسرائیلی حلقوں نے اسرائیل مخالف قرار دیا تھا۔اس کے بعد مختلف کمپنیوں نے ایکس کے لیے اشتہارات کو بھی روک دیا تھا۔
دورے کے دوران ایلون مسک نے اسرائیل کی حمایت کا اعلان بھی کیا۔ایلون مسک کے دورے کے موقع پر اسرائیل کی جانب سے ان کے ساتھ ایک معاہدہ کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔اسرائیلی وزیر کمیونی کیشن Shlomo Karhi نے اعلان کیا کہ ایلون مسک نے اسرائیل کی مرضی کے بغیر غزہ کو اسٹار لنک سیٹ لائیٹ انٹرنیٹ سروس فراہم نہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔اس سے قبل ایلون مسک نے غزہ میں مواصلاتی نظام اور انٹرنیٹ بندش پر سیٹ لائٹ انٹرنیٹ سروسز دینے کا اعلان کیا تھا، جس کی اسرائیل کی جانب سے مخالفت کی گئی تھی۔



