نئی دہلی ، 6اکتوبر:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کا طویل عرصے سے انتظار کیا جا رہا تھا۔ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ دفاعی چمپئن انگلینڈ اور رنر اپ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے درمیان کھیلا گیا۔ کیوی ٹیم نے یہاں دھماکہ خیز آغاز کیا اور یک طرفہ جیت حاصل کی۔ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کا آغاز شاندار انداز میں ہوا۔ پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف 9 وکٹوں سے یک طرفہ جیت حاصل کی۔ کیوی ٹیم اپنے ریگولر کپتان کے بغیر اس میچ میں کھیلنے اتری تھی، لیکن پھر بھی انگلش ٹیم کو پانی پلا دیا۔ نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا اور گیند بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ طوفانی بلے بازوں سے بھرپور انگلش ٹیم بمشکل 9 وکٹوں پر 282 رنز بنا سکی۔ ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 10 رنز پر پہلی وکٹ گنوا بیٹھی، لیکن اس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم ایک بھی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔
283 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 9 وکٹوں سے شاندار فتح حاصل کی۔ ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے کیلئے میدان میں اترے رچن رویندر نے دھماکہ خیز سنچری بنائی۔ تجربہ کار ڈیون کونوے نے بھی 152 رنز کی طوفانی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی۔ ڈیون کونوے نے انگلینڈ کے خلاف ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں 83 گیندوں پر 13 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی۔ یہ نیوزی لینڈ کے لئے ورلڈ کپ کی تیز ترین سنچری بن گئی اور انہوں نے مارٹن گپٹل کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔ ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے لئے تیز ترین سنچری بنانے کا ڈیون کونوے کا ریکارڈ صرف 15 منٹ بعد دوسرے اینڈ پر بلے بازی کرتے ہوئے رچن رویندر نے توڑ دیا۔ اس میچ میں رچن نے 82 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی جو کہ کونوے سے ایک گیند کم ہے، جس میں 9 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔
نیوزی لینڈ کے لئے ورلڈ کپ میں تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ اب 23 سالہ رچن رویندر کے نام ہوگیا ہے۔ ڈیون کونوے دوسرے نمبر پر اور مارٹن گپٹل تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔نیوزی لینڈ کے لئے ورلڈ کپ میں تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ اب 23 سالہ رچن رویندر کے نام ہوگیا ہے۔ ڈیون کونوے دوسرے نمبر پر اور مارٹن گپٹل تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔رویندر ورلڈ کپ میں ڈیبیو میچ میں سنچری بنانے والے نیوزی لینڈ کے صرف پانچویں بلے باز ہیں۔ اس سے پہلے 1975 میں گلین ٹرنر، 1996 میں نیتھن ایسٹل، 2003 میں اسکاٹ اسٹائرس نے ورلڈ کپ کے ڈیبیو میچ میں سنچری بنائی تھی۔ اسی میچ میں ڈیون کونوے ایسا کرنے والے چوتھے کیوی بلے باز بنے اور ان کے بعد رچن نے بھی یہ کارنامہ انجام دیا۔



