
اینومریشن فارم میں غلطی کے باوجود ووٹ محفوظ رہے گا، فارم 8 سے درستگی ممکن: آر وی کرنن
اینومریشن فارم میں غلطی پر ووٹ منسوخ نہیں ہوگا، فارم 8 سے درستگی
حیدرآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) تلنگانہ میں جاری ووٹر لسٹوں کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR) مہم کے دوران اینومریشن فارمس میں غلطیوں کو لے کر پریشان ووٹرس کے لیے حیدرآباد ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر آر وی کرنن نے اہم اور اطمینان بخش وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اینومریشن فارم میں اگر کوئی تفصیل غلط درج ہوگئی ہو تب بھی فارم جمع کرانے والے کسی بھی شہری کا ووٹ ضائع نہیں ہوگا بلکہ مکمل طور پر محفوظ رہے گا۔
آر وی کرنن نے بتایا کہ SIR مہم مکمل ہونے کے بعد ووٹرس فارم نمبر 8 کے ذریعے اپنے نام، پتہ، عمر یا دیگر تفصیلات میں موجود تمام غلطیوں کو آسانی سے درست کرا سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صرف اینومریشن فارم میں غلطی کی بنیاد پر کسی ووٹر کا نام فہرست سے خارج نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی سروے میں توسیع کے بعد اب 3 اگست تک اینومریشن فارمس متعلقہ بوتھ لیول آفیسرز (BLOs) کے پاس جمع کرائے جا سکتے ہیں۔ شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور آخری دن کا انتظار کرنے کے بجائے جلد از جلد فارم جمع کرائیں تاکہ انتخابی عملہ ڈیجیٹلائزیشن کا کام بروقت مکمل کرسکے۔
ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کے مطابق 10 اگست کو تمام فارم جمع کرانے والے ووٹرس کے ناموں پر مشتمل ڈرافٹ ووٹر لسٹ جاری کی جائے گی۔ اس کے بعد 10 اگست سے 9 ستمبر تک تمام ووٹرز اپنے نام، پتہ اور دیگر تفصیلات کی جانچ کرکے کسی بھی غلطی پر اعتراض یا دعویٰ داخل کرا سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اگر کسی ووٹر کی میپنگ درست نہ ہونے یا کسی اور تکنیکی مسئلہ کی نشاندہی ہوتی ہے تو انتخابی حکام متعلقہ شہری کو نوٹس جاری کریں گے۔ اس کے جواب میں شہری 10 اگست سے 8 ستمبر کے درمیان الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر (ERO) کے سامنے الیکشن کمیشن کی جانب سے منظور شدہ 12 شناختی دستاویزات میں سے کوئی ایک بطور ثبوت پیش کرکے اپنی معلومات کی تصدیق کرا سکتے ہیں۔
آر وی کرنن نے بتایا کہ تمام قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد 12 اکتوبر کو حتمی ووٹر لسٹ جاری کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی شہری کو SIR مہم، ووٹر رجسٹریشن، ووٹر لسٹ یا اینومریشن فارم سے متعلق کسی بھی قسم کی دشواری یا رہنمائی درکار ہو تو وہ بلا جھجھک الیکشن کمیشن کے آفیشل ٹول فری نمبر 1950 پر رابطہ کرکے مدد حاصل کرسکتے ہیں۔
ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے یہ بھی واضح کیا کہ جن ووٹرس نے اپنے اینومریشن فارم آن لائن رجسٹر کر دیے ہیں، انہیں دوبارہ آف لائن یا کاغذی فارم جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ان کا ڈیٹا پہلے ہی الیکشن کمیشن کے سسٹم میں محفوظ ہوچکا ہے، اس لیے دوہرا اندراج نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہر پولنگ اسٹیشن پر بوتھ لیول آفیسرز (BLOs) کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ اگر منتقل شدہ (Shifted) ووٹرس میں سے کسی کو ابھی تک اینومریشن فارم موصول نہیں ہوا تو وہ فوری طور پر اپنے متعلقہ بی ایل او یا بوتھ لیول ایجنٹ سے رابطہ کرکے فارم حاصل کریں اور مقررہ مدت کے اندر جمع کرائیں۔



