قومی خبریں

جن گن من اور’ وندے ماترم ‘ کا یکساں احترام، عدالت میں حکومت کا موقف

نئی دہلی ، 6نومبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ جن گن من اور’ وندے ماترم ‘دونوں کو برابر کا درجہ حاصل ہے۔ ہرایک سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ دونوں کا احترام کرے۔مرکزی حکومت نے دہلی ہائی کورٹ میں حلف نامہ کے ذریعے یہ باتیں کہی ہیں۔ درخواست کی سماعت 9 نومبر کو ہونے والی ہے۔ مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ یہ درست ہے کہ قومی اعزاز کی توہین کی روک تھام کے قانون کے تحت قومی ترانے میں رکاوٹ ڈالنے کی صورت میں جس طرح کے قوانین بنائے گئے ہیں، وہی اصول قومی گیت کے لیے نہیں ہیں۔اس کے باوجود قومی ترانے کی طرح قومی ترانے کا بھی اپنا وقار اور احترام ہے۔

مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ اس معاملے پر عدالت کی مداخلت کا کوئی جواز نہیں ہے۔مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ کے 2017 کے حکم کا حوالہ دیا ہے، جس میں عدالت نے قومی ترانے، قومی گیت اور قومی پرچم کو فروغ دینے کے لیے پالیسی بنانے کے مطالبے پر سماعت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ 25 مئی کو ہائی کورٹ نے وندے ماترم کو قومی ترانے کا درجہ دینے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کیا تھا۔یہ عرضی بی جے پی لیڈر اور وکیل اشونی اپادھیائے نے دائر کی ہے۔

عرضی میں کہا گیا ہے کہ ملک کی آزادی کی جدوجہد میں وندے ماترم کا اہم کردار رہا ہے لیکن ملک کی آزادی کے بعد قومی ترانے جن گن من کو ترجیح دی گئی لیکن وندے ماترم کو بھلا دیا گیا۔ وندے ماترم کے لیے بھی کوئی قانون نہیں بنایا گیا۔ درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تمام اسکولوں میں وندے ماترم کو قومی گیت کے طور پر بجایا جائے۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ آئین ساز اسمبلی کے چیئرمین ڈاکٹر راجندر پرساد نے 24 جنوری 1950 کو قومی ترانے پر جو تقریر کی تھی اس میں وندے ماترم اور جن گن من کو برابر کا درجہ دینے کی بات کہی گئی تھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button