بین الاقوامی خبریںسرورق

یورپی یونین حماس اور اسرائیلی آباد کاروں پر پابندیاں عائد کرنے پر متفق

یورپی یونین نے حماس کے ارکان پر بھی پابندیاں عاید کرنے کا اعلان کیا

برسلز؍لندن،20مارچ :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نے ایک ابتدائی سمجھوتہ طے کیا ہے جس کے تحت مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر حملہ کرنے والے اسرائیلی آباد کاروں پر پابندیاں عائد کرنے کے ساتھ ساتھ تحریک حماس کے ارکان پر پابندیاں مزید سخت کی جائیں گی۔یہ پہلا موقع ہے کہ یورپی یونین کے 27 رکن ممالک نے امریکہ اور برطانیہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے تشدد میں ملوث اسرائیلی آباد کاروں پر پابندیاں عائد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل نے برسلز میں وزراء کی میٹنگ کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ ایک سمجھوتے پر اتفاق کیا گیا ہے اور مجھے امید ہے کہ یہ معاہدہ جلد مکمل عمل درآمد تک جاری رہے گا لیکن یہ ایک سیاسی سمجھوتہ ہے۔

یورپی یونین نے حماس کے ارکان پر بھی پابندیاں عاید کرنے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی یورپی حکام نے بھی مغربی کنارے میں فلسطینیوں کیخلاف تشدد میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔یورپی یونین نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر تحریک کی طرف سے شروع کیے گئے حملے کے تناظر میں حماس کو خاص طور پر نشانہ بنانے کے لیے پابندیوں کا نظام قائم کیا۔

سفارت کاروں کا کہنا تھا کہ یورپی یونین اسرائیلی آباد کاروں پر پابندیاں عائد کرنے سے پہلے حماس پر نئی پابندیاں عائد کرے گی۔یہ سلسلہ یورپی یونین میں اسرائیل کے قریبی ممالک کے لیے اہم ہے، جیسے جرمنی، آسٹریا اور جمہوریہ چیک، جو اس بات پر زور دینا چاہتے تھے کہ وہ دونوں فریقوں کے درمیان فرق نہیں کرتے۔سفارت کاروں نے مزید کہا کہ ہنگری پرتشدد آباد کاروں پر پابندیاں عائد کرنے کا سخت مخالف تھا لیکن حال ہی میں اس نے اپنا موقف تبدیل کر لیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button