رامپور ، 29 نومبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سینئر لیڈر و سابق کابینی وزیر محمد اعظم خان نے کسی پارٹی کا نام لئے بغیر کہا کہ جس طرح سے ظلم ڈھائے جارہے ہیں ،اس طرح کے مظالم تو ہٹلر نے بھی یہودیوں پر نہیں ڈھائے تھے۔ایس پی لیڈر نے کہا کہ وہ نہیں جانتے تھے کہ عوام پر ظلم و زیادتی کرنا حکومتوں کا کام ہے اور اگر انہیں یہ پتہ ہو تا تو وہ اپنے 50 سالہ زندگی میں کئی اور تاریخ لکھ سکتے تھے۔رامپور اسمبلی سیٹ کے ضمنی الیکشن میں ایس پی امیدوار کی حمایت میں عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اعظم خان نے کہا کہ کیا کوئی شخص یا حکومت اس قدر اتنا نیچے گر سکتی ہے کہ وہ لوگوں پر ظلم وزیادتی کرنے لگے ؟ جیل پھر سے میرا انتظار کر رہی ہے۔
جہاں میرے خلاف سب سے زیادہ مظالم ہوتے ہیں۔ ایسے مظالم تو ہٹلر نے بھی یہودیوں کے خلاف نہیں کئے تھے۔ایس پی لیڈر نے کہا کہ وہ ایک بھی معاملہ میں خود کو بے گناہ ثابت نہیں کر پائے۔ کبھی اپنے قریبی رہنے والوں اور اب بی جے پی میں شامل ہونے والے لیڈروں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ امیر لوگ چھوڑ کر چلے گئے اور بس وفادار لوگ ہی پارٹی میں رہ گئے ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ گئو کشی کے 50 معاملہ والے لوگ بی جے پی کا اسٹیج شیئر کر رہے ہیں۔ اعظم خان نے کہا مجھے تقریباًہر دن عدالت میں پیش ہونا پڑتا ہے اور جو الزام لگائے گئے ہیں اس میں ہر دفعہ میں عمر قید کی سزا ہے۔ ایسی سزا کے لئے کئی زندگی چاہئے۔ میرا بیٹا و کیلوں سے صلاح لے رہا ہے کہ ان سزاؤں سے کیسے بچا جائے،ہم اپنی بے گناہی ثابت کرکے رہیں گے ۔



