
نئی دہلی ،05؍اپریل :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) ہندوستان میں منگل 5 اپریل 2022 کو ایک بار پھر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ آج پھر پٹرول اور ڈیزل دونوں فی لیٹر 80 پیسے مہنگا ہو گیا ہے۔ گزشتہ 15 دنوں میں یہ 13 ویں بار اضافہ ہے۔
ان 15 دنوں میں ملک میں فیول آئل کی قیمت میں 9.20 روپئے فی لیٹر کا اضافہ ہوا ہے۔ پیر کو تیل کی قیمتوں میں 40 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔آج کے اضافے کے بعد دہلی میں پٹرول 104.61 روپئے اور ڈیزل 95.87 روپئے فی لیٹر مہنگا ہو گیا ہے۔ ممبئی میں پٹرول 119.67 روپئے فی لیٹر اور ڈیزل 103.92 روپئے میں فروخت ہو رہا ہے۔
کولکاتہ میں آج پٹرول کی قیمت 114.28 روپئے اور ڈیزل کی قیمت 99.02 روپئے ہو گئی ہے،چنئی میں آج پٹرول 110.09 روپئے اور ڈیزل 100.18 روپئے میں دستیاب ہے۔یوکرین میں تشدد، جنگ اور یوکرین کے شہریوں کے خلاف روس کے مبینہ مظالم کے پیش نظر ایک بار پھر پیوٹن کے ملک کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
امریکہ نے کہا ہے کہ وہ روس پر مزید پابندیاں عائد کر رہا ہے جس کی وجہ سے پیر کو تیل کی قیمتوں میں چار فیصد اضافہ ہوا۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں منگل کی نصف شب کے قریب، برینٹ کروڈ فیوچر 1.5 فیصد بڑھ رہا تھا اور یہ 109.11 ڈالر فی بیرل پر تھا۔ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ فیوچر 1.6 فیصد بڑھ کر 104.89 پر تھا۔
وزیر اعظم پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو واپس لینے کا اعلان کریں : ترنمول کانگریس ایم پی
ترنمول کانگریس کے ایک رکن نے وقفہ صفر کے دوران لوک سبھا میں مہنگائی کا مسئلہ اٹھایا اور حکومت پر زور دیا کہ وہ پٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی حال ہی میں بڑھائی گئی قیمتوں کو واپس لے۔ایوان میں مہنگائی کے مسئلہ پر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کے نعرے بازی کے درمیان ترنمول کانگریس کے آسیت کمار مال نے کہا کہ ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت 100 روپئے فی لیٹر سے زیادہ ہے اور ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 1000 روپئے سے زیادہ ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو اس قیمت میں اضافہ واپس لینے کا اعلان کرکے عوام کو راحت دینی چاہئے۔بی جے پی کے پلو لوچن داس نے آسام میں اسکولوں کی ضرورت کا مسئلہ اٹھایا۔



