بین الاقوامی خبریںسرورق

ہر رات اپنے ساتھ دہشت لے کر آتی ہے غزہ میں بچے اور بزرگ سونے سے ڈرنے لگے ہیں

چھ سالہ بچی یاسمین اپنی ماں سے کہتی ہے، مجھے اپنی گود میں اٹھالیں، میں مرنا نہیں چاہتی۔

غزہ، 20اگست :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)جیسے ہی غزہ میں سورج غروب ہوتا ہے اور بے گھر فلسطینیوں کے پلاسٹک کی چادروں سے بنے ہوئے خیموں میں تاریکی چھا جاتی ہے، تو اندھیرے میں اسرائیلی ڈرونز کی گونج اور توپ خانوں سے اگلتی ہوئی آگ ان پر یہ خوف طاری کر دیتی ہے کہ آیا وہ صبح کا سورج دیکھنے کے لیے زندہ بھی ہوں گے یا نہیں۔انہی میں سے ایک عارضی خیمے میں ایک چھ سالہ بچی یاسمین اپنی ماں سے کہتی ہے، مجھے اپنی گود میں اٹھالیں، میں مرنا نہیں چاہتی۔صفا ابو یاسین نے اے ایف پی کو بتایا کہ میرے بچے سونے سے ڈرتے ہیں۔ مجھے بھی ان کی جان کی فکر ہے۔ابو یاسین اور ان کی چار بیٹیاں بے گھر فلسطینیوں کی عارضی خیمہ بستی المواصی میں رہ رہی ہیں، جسے اسرائیلی فوج نے محفوظ زون قرار دیا ہوا ہے۔بے گھر فلسطینیوں کی ایک بڑی تعداد محفوظ پناہ کی تلاش میں المواصی کا رخ کر رہی ہے اور اب اس میں گنجائش بہت گھٹ چکی ہے۔

گیارہ ماہ سے جاری اس لڑائی میں غزہ کی 24 لاکھ کی آبادی کی اکثریت کم از کم ایک بار اپنا گھر بار چھوڑ چکی ہے۔ابو یاسین اکثر رات بھر جاگتی رہتی ہیں۔ ناگہانی حملے کے خدشے کے علاوہ اس کی ایک اور وجہ ان کی بیٹی لجین ہے، اپریل میں پیدا ہونے والی یہ بچی اکثر سوتے میں جاگ اٹھتی ہے اور رونے لگتی ہے۔ ابو یاسین اسے سلانے کی کوشش میں جاگتی رہتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ لجین کو چپ کرانا بہت مشکل ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ یہ محسوس کرے کہ وہ محفوظ ہے۔ ہمارے پاس جھولا بھی نہیں ہے جس میں اسے آرام مل سکے۔ابو یاسین، بچی کو تھپتھاتے ہوئے ایک لوری گنگنانے لگتی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جب وہ سو جائے گی تو ایک خوبصورت پرندہ اس کی حفاظت کرے گا۔

ابو یاسین کی دوسری بیٹیاں یہ شکایت کرتی ہیں کہ گدا بہت پتلا ہے۔ اس پر لیٹنے سے زمین چبھتی ہے۔ ان کے پاس ایک ہی گدا ہے جس پر سب مل کر سوتے ہیں اور جگہ کی تنگی کے باعث ان کی بار بار آنکھ کھلتی رہتی ہے۔ابو یاسین اور ان کی بیٹیاں تنہا اس کیفیت سے نہیں گزر رہیں۔ پلاسٹک کی چاردوں کے عارضی خیموں میں پڑے ہوئے اور بھی بہت سے فلسطینیوں کو بھی اس مشکل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔دیرالبلاح کے مرکزی علاقے کی اس خیمہ بستی کی 32 سالہ فرح شرشارا نے بتایاکہ مجھے اپناتکیہ بہت یاد آتا ہے۔دیرالبلاح کبھی غزہ کی پٹی کا ایک ترقی یافتہ علاقہ ہوا کرتا تھا، لیکن اب وہ اسرائیلی بمباری سے ملبے کے ڈھیروں میں بدل چکا ہے۔خیمہ بستی میں پانی کی بہت کمی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button