آبکاری پالیسی معاملہ: راؤز ایوینیو کورٹ نے منیش سیسودیا کی عدالتی حراست 12 مئی تک کیلئے کی توسیع
دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی عدالتی حراست 12 مئی تک کے لیے بڑھا دی ہے۔
نئی دہلی،27اپریل :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) دہلی کے راوز ایوینیو کورٹ نے آبکاری پالیسی معاملہ میں سی بی آئی سے جڑے کیس میں دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی عدالتی حراست 12 مئی تک کے لیے بڑھا دی ہے۔ سی بی آئی والے معاملے میں عدالتی حراست کی مدت ختم ہونے پر منیش سسودیا کو آج راوز ایوینیو کورٹ میں پیش کیا گیا تھا۔آج سماعت کے دوران سسودیا کے وکیل نے کہا کہ سی بی آئی کو بتانا چاہیے کہ معاملے کی جانچ پوری ہوئی ہے کہ نہیں۔ اس پر عدالت نے سی بی آئی سے جواب دینے کے لیے کہا، اور سی بی آئی نے کہا کہ جانچ پوری ہو چکی ہے۔واضح رہے کہ سی بی آئی آبکاری پالیسی میں ہوئی مبینہ بے ضابطگی کو لے کر جانچ کر رہی ہے۔ سی بی آئی نے اسی معاملے میں 26 فروری کو منیش سسودیا کو گرفتار کیا تھا۔
مرکزی جانچ ایجنسی نے گزشتہ منگل (25 اپریل) کو ہی راو?ز ایوینیو کورٹ میں سپلیمنٹری چارج شیٹ داخل کی تھی جس میں سسودیا کو ملزم بنایا گیا ہے۔ یہ پہلی بار تھا جب کسی چارج شیٹ میں سسودیا کو نامزد کیا گیا۔ عدالت نے اس فرد جرم پر غور کرنے کے لیے 12 مئی کی تاریخ طے کی تھی۔دوسری طرف آبکاری پالیسی گھوٹالے سے جڑے منی لانڈرنگ کے معاملے میں منیش سسودیا کی ضمانت عرضی پر عدالت 28 اپریل کو فیصلہ سنا سکتی ہے۔ عدالت نے سسودیا کی عرضی پر دلیلیں سننے کے بعد فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔ سسودیا کی عرضی میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ جانچ کے لیے ان کی حراست کی اب ضرورت نہیں ہے۔



