آبکاری پالیسی گھوٹالہ: را ؤز ایوینیو کورٹ میں منیش سیسودیا کی پیشی، عدالتی حراست میں 14 دنوں کی توسیع کا فیصلہ
دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سیسودیا کو آج بھی عدالت سے راحت نہیں ملی
نئی دہلی ،3اپریل:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)دہلی آبکاری پالیسی کیس میں جیل میں بند دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سیسودیا کو آج بھی عدالت سے راحت نہیں ملی۔ راؤز ایوینیو کورٹ نے منیش سیسودیا کو 14 دنوں کی مزید عدالتی حراست میں بھیج دیا ہے۔ پیر کے روز سیسودیا کو راؤز ایوینیو کورٹ میں پیشی کے لیے لایا گیا تھا، جہاں سے عدالت نے انھیں 17 اپریل تک کے لیے عدالتی حراست میں بھیجنے کا حکم دے دیا۔واضح رہے کہ منیش سسودیا پر آبکاری وزیر رہتے ہوئے آبکاری پالیسی کے ذریعہ قصداً کاروباریوں کو فائدہ پہنچانے کا الزام لگا ہے۔ اس معاملے میں ای ڈی منی لانڈرنگ کے تحت جانچ کر رہی ہے۔
سی بی آئی نے الگ سے اس معاملے میں منیش سیسودیا کے خلاف کیس کیا ہوا ہے اور تحقیقات جاری ہے۔قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے جب سیسودیا نے عدالت میں اپنی ضمانت کی عرضی داخل کی تھی تب سی بی آئی کی طرف سے عدالت میں دلیل دی گئی تھی کہ اگر انھیں ضمانت ملتی ہے تو وہ جانچ اور ثبوت کو متاثر کر سکتے ہیں۔ جانچ ایجنسی نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ سیسودیا نے اپنے فون اس لیے ضائع کر دیئے تھے تاکہ چیٹ (بات چیت) تک رسائی نہ ہو سکے۔



