نئی دہلی،13؍مئی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)جامعہ ملیہ اسلامیہ نے انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کورسز (انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ پروگرامز) کے لیے داخلہ ٹیسٹ کی تاریخ میں توسیع کر دی ہے۔ یونیورسٹی کے ایک اہلکار نے کہا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ اپنے انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کورسز میں داخلہ امتحان جون کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کر دیاہے کیونکہ داخلہ امتحانات کی تاریخیں CBSE کلاس 12 بورڈ کے امتحانات کے ساتھ اوورلیپ ہو رہی ہیں۔ جامعہ میں ان کورسز کے لیے داخلے کا امتحان جو کامن یونیورسٹی کے داخلہ ٹیسٹ (CUET) کے تحت نہیں آتے، 2 جون سے شروع ہونا تھا۔ لیکن امکان ہے کہ اب یہ امتحانات 11 جون 2022 سے شروع ہوں گے۔
ایسے میں امید ہے کہ جامعہ یونیورسٹی بھی درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ (12 مئی سے 25 مئی) میں توسیع کرے گی۔رجسٹرار ناظم حسین جعفری نے بتایا کہ داخلہ امتحان اب 11 جون سے ہوگا۔ نظرثانی شدہ شیڈول جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ جعفری نے کہاکہ ہم نے داخلہ امتحانات کی تاریخوں میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ 12ویں جماعت کے امتحانات چل رہے ہیں اور وہ داخلے کے امتحانات کے ساتھ اوورلیپ ہو رہے ہیں۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ بھی 12 مئی سے بڑھا کر 25 مئی کر دی جائیںگی۔



