قومی خبریں

رام دیوکے خلاف غداری کامقدمہ چلایاجائے،عدالت میں درخواست داخل

مظفرپور:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)متنازعہ بیان کے لیے معروف رام دیوکے خلاف بہار کی ایک عدالت میں جدید میڈیکل سسٹم ایلوپیتھی سے متعلق متنازعہ بیان کے لیے ایک درخواست دائر کی گئی ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ان پر ملک سے غداری کے الزام میں مقدمہ چلایا جائے۔درخواست گزار گیان پرکاش نے اپنے وکیل سدھیر کمار اوجھا کے توسط سے رام دیوکے خلاف چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں درخواست دائر کی۔

پرکاش پہلے ہی کئی اعلیٰ سیاستدانوں ، بالی ووڈ اداکاروں اور غیر ملکی سربراہان مملکت کے خلاف درخواستیں دائر کرچکے ہیں۔بابا رام دیو کے بیانات کوھوکہ دہی قرار دیتے ہوئے قائم مقام چیف جوڈیشل مجسٹریٹ شیلندر رائے کی عدالت کے روبرو دائر درخواست میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کے علاوہ تعزیرات ہند کی متعلقہ دفعات کے تحت بھی ان کے خلاف بغاوت کا الزام لگایا گیا ہے۔ اس کیس کی اگلی سماعت 7 جون کو ہوگی۔

پتنجلی گروپ کے بانی ، یوگا گرو رام دیو نے حال ہی میں اینٹی کوویڈ ویکسین کے بارے میں کچھ متنازعہ بیانات دیئے تھے۔ انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے متنازعہ بیان پر بابا رام دیو کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے محاذکھول دیاہے۔ مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود کے وزیر ہرش وردھن سمیت بھارتیہ جنتا پارٹی کے بہت سے رہنماؤں نے رام دیو کے بیان کی مذمت کی ہے۔

لیکن مرکزی وزراء رام دیوکے ساتھ دواکی تشہیری پروگرام میں شامل بھی رہے ہیں۔ویکسین کے خلاف مہم پرابھی تک رام دیوکے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button