قومی خبریں

اشتعال انگیز پوسٹ کرنے کے الزام میں گرفتار صحافی محمد زبیر نے ضمانت کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا

نئی دہلی ، 7جولائی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اشتعال انگیز پوسٹ کرنے کے الزام میں گرفتار فیکٹ چیکر اور صحافی محمد زبیر نے ضمانت کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔فیکٹ چیکر کے وکیل کی جانب سے فوری ضمانت کی درخواست دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ محمد زبیر کو جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ جسٹس اندرا بنرجی کل اس معاملے کی فہرست دینے پر راضی ہیں۔ تاہم چیف جسٹس آف انڈیاکی منظوری سے مشروط ہیں۔بتا دیں کہ 27 جون2022 کو محمد زبیر کو دہلی پولیس نے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ اس پرمذہب، ذات پات، جائے پیدائش، زبان وغیرہ کی بنیاد پر مختلف گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینے اور مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام ہے۔

اس سے قبل یکم جون کو سیتا پور کے خیر آباد پولیس اسٹیشن میں محمد زبیر کے خلاف ہندو سنتوںکو مبینہ طور پر نفرت پھیلانے کے لیے کہنے پر ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) ایم پی سنگھ نے پیر کو بتایا تھا کہ سیتا پور پولیس نے خیرآباد میں درج ایک کیس میں محمد زبیر کے خلاف پروڈکشن وارنٹ جاری کیا تھا اور اسے آج سیتا پور عدالت میں پیش کیا گیا۔اے ایس پی نے کہا تھا کہ اب ضلعی پولیس نے پولیس حراست کے لیے عدالت میں درخواست دے دی ہے اور عدالت کے حکم کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ اے ایس پی نے دہلی پولیس کے تعاون کے لیے شکریہ ادا کیا۔قابل ذکر ہے کہ صحافی محمدزبیر بی جے پی کے سابق رہنما نوپورشرما کے گستاخانہ بیانات کو ٹوئٹ پر پوری دُنیا میں متعارف کرانے کے بعد سرخیوں میں آئے تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button